خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 787
خطبات طاہر جلد 15 787 خطبہ جمعہ 11 اکتوبر 1996ء خدا کی طرف بلانے والے کیلئے ضروری ہے کہ اس میں عالمی صفات ہوں۔وہ ہر قسم کے تعصبات سے پاک ہو۔( خطبه جمعه فرموده 11 اکتوبر 1996ء بمقام اوسلو، ناروے) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور انور نے درج ذیل آیت کریمہ کی تلاوت کی: وَمَنْ أَحْسَنُ قَوْلًا مِمَّنْ دَعَا إِلَى اللهِ وَعَمِلَ صَالِحًا وَقَالَ إِنَّنِي مِنَ الْمُسْلِمِينَ (حم السجده : 34) پھر فرمایا: اگر چہ آج کل دنیا میں دعوت الی اللہ پر زور دینے کی شدید ضرورت ہے اور آسمان سے جو ہوائیں چل رہی ہیں وہ دعوت الی اللہ کی محمد اور معاون ہیں اور انہی ہواؤں کی برکت ہے کہ جماعت احمدیہ کی کوششوں کو پھل لگ رہے ہیں ورنہ پھل دار ہوائیں اگر خدا نہ چلائے تو وہ کھیتیاں بھی جو بیجوں تک پہنچ جاتی ہیں وہ بیجوں سے خالی مرجایا کرتی ہیں۔ایسی ہوا ئیں بھی ہم نے پنجاب میں چلتی دیکھی ہیں کہ کھیتیاں پھل لانے پر تیار ہوں تو ایسی جنوبی ہوا چلتی ہے جو ان کے پھلوں کو وہیں سکھا دیتی ہے اور کچھ بھی باقی نہیں رہتا۔تو خدا تعالیٰ کی طرف سے ہوا ہی ہے جو جب چلتی ہے تو محنتیں پھل لاتی ہیں بلکہ محنتوں سے بہت زیادہ پھل نکلتے ہیں اتنے کہ ان کو محنتوں سے کوئی نسبت باقی نہیں رہتی۔یہی وہ عالمی دور ہے دعوت الی اللہ کا اور اس کے پھل دار ہونے کا جس دور کی طرف میں سب جماعت کو بار بار بلا رہا ہوں اور متوجہ کر رہا ہوں۔