خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 452 of 1078

خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 452

خطبات طاہر جلد 15 452 خطبہ جمعہ 7 / جون 1996ء بہتر ہے۔ان کی رہائش کا انتظام ہو، ان کے کھانے کا انتظام ہو اور وہ تربیت حاصل کر کے پھر اپنی قوم کی طرف لوٹیں۔ورنہ آپ کے تصور میں بھی نہیں آ سکتا کہ افریقہ کے ممالک میں رسل ورسائل کی کیا حالت ہے اور ایک علاقہ جس کو میں ستر ہزار کا علاقہ کہتا ہوں وہ ایک جگہ نہیں ہے، وہ پھیلا پڑا ہے جنگلوں میں۔ان میں سے ہر گاؤں ہزار بارہ سو یا آٹھ سو افراد پر مشتمل ہے وہ آپس میں کئی کئی میل کے فاصلے پر بھی ہو سکتا ہے اور دشوار گزار راستے ہیں ان کو باہر سے جانے والا طے بھی نہیں کر سکتا آسانی سے اور پھر رستے کے خطرات کا مقابلہ بھی نہیں کر سکتا۔وہ اس طرح احمدی ہوئے کہ ان کے لیڈرز ایک جگہ اکٹھے ہوئے تھے اور بات سنی اور پورے اطمینان سے احمدیت کی تائید کی اور اپنے سارے علاقے سے پوچھا اور ان کے نمائندے بلوائے اور ان سے پوچھا اور سب نے جب توثیق کی تب وہ احمدی شمار ہوئے لیکن تربیت کے لئے اب احمدی مبلغین جو تربیت یافتہ ہیں ان کی تعداد کیا ہے اور حیثیت کیا ہے۔کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ۔وہ اتنے بڑے قافلوں کے کام آ سکتا ہے؟ وہ اتنی بڑی فوجوں کی بھوک مٹاسکتا ہے؟ ممکن ہی نہیں ہے۔مگر قرآن نے یہ مضمون سکھا کر کتنا آسان کر دیا۔فرمایا ان کو کہو وہ آئیں اور ان کے لئے مراکز قائم کرو۔وہ تربیت پائیں اور پھر واپس جائیں۔وہ جانتے ہیں اپنی قوم کے اسلوب کو ، اپنی قوم کی زبان کو ، اس کے اطوار کو ، وہ جانتے ہیں کہ ان کے اندر کیا کیا برائیاں ہیں۔وہ اگر ان کی برائیاں کہیں کہ یہ برائیاں ہیں تو وہ مان جائیں گے اور بسا اوقات تم کہو گے تو وہ برا منائیں گے۔پس ان وفود کو بلا کر یہ بھی تجربہ ہوا کہ بڑے بڑے نیک لوگ جو بڑے اخلاص سے احمدی ہونے والے تھے جب بعض رسموں کے خلاف ان سے بات کی تو بھڑک اٹھے ابتداء میں، کہ نہیں نہیں یہ غلط ہے ہمیں تو یہی سکھایا گیا ہے، یہی اسلام ہے کہ جب کوئی فوت ہو تو اتنے بکرے لوگوں کو کھلاؤ اور اتنے پیسے آئمہ کو تقسیم کرو اور ساتویں دن یہ کرو اور بارھویں دن یہ کرو۔یہ سارے قصے اپنے اپنے خیالات کے مطابق مختلف ملکوں میں رائج ہیں اور بعض ظالمانہ ایسی رسوم بھی ہیں جو محض یہ نہیں کہ سنت نہیں ہے بلکہ سراسر سنت کے مخالف ہیں۔تو ان کی تربیت میں وہاں پتا چلا جب وہ چند تھے کہ اگر ان کی قوم کے اندر رہتے ہوئے ان سے یہ ساری بات کی جاتی تو ساری قوم نے ان کی تائید میں اٹھ کھڑے ہونا تھا اور ہرگز بعید نہیں تھا کہ یہ تربیت ارتداد کا موجب بن جاتی۔مگر چونکہ احمدی ماحول جو