خطبات طاہر (جلد 14۔ 1995ء) — Page 93
خطبات طاہر جلد 14 93 خطبہ جمعہ 3 فروری 1995ء نہ ہو چکا ہواور کلیتہ جھوٹ سے چھٹکارا پا کر ایک نئی زندگی میں داخل نہ ہو جائیں۔یہ ہر نصیحت کی جان ہے ہر نصیحت کی ماں ہے اس لئے میں نے حضرت اقدس محمد رسول اللہ اللہ کی نصائح میں سے یہ ایک نصیحت سب سے اوپر رکھی ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ اس میں آپ کی فلاح کی ہر کنجی موجود ہے۔اس لئے دعائیں کریں اور جھوٹ سے خود بھی نجات حاصل کریں اور اپنی اولا د کو بھی سچائی پر گامزن کریں اور جھوٹ سے نجات حاصل کرنا ایک وقت کے فیصلے کی بات نہیں ہے باشعور طور پر آپ کو اپنے ہر فیصلے کی نگرانی کرنی ہوگی۔ہر عذر جو آپ پیش کرتے ہیں اس کی نگرانی کرنی ہوگی۔ہر بات جو آپ کسی دوست یا تعلق والے کو اپنے خطوط میں لکھتے ہیں اس کی بھی نگرانی کرنی ہو گی۔بسا اوقات مبالغے کی باتیں ہوتی ہیں۔محبت کے اظہار ہیں جی ہم تو حاضر ہیں ہم تو غلام ہیں لیکن سب جھوٹی باتیں ہیں۔وہ غلامیاں نفس کی غلامیاں ہوتی ہیں کسی اور کی نہیں ہوتیں۔تو ہمارے تعلقات کے دائرے میں ایسے جھوٹ بھی ہیں جو مخفی ہیں ہماری اپنی نظر سے غائب رہتے ہیں۔ہم عذر جو روزانہ بناتے ہیں کئی بار کہ یہ بات ہوگئی تھی اس لئے میں نے یوں کہہ دیا تو بات کہی اس کے بعد تو اس کی تو جیہات شروع کر دیں اور وہ تو جیہات جھوٹی ہوتی ہیں۔تو جھوٹ کے خلاف جہاد بہت بڑا محنت کا کام ہے۔بڑا جان جوکھوں کا کام ہے۔اس لئے جن باتوں کو میں سمجھا رہا ہوں، غور سے سنیں اور اس رمضان میں دعاؤں کے ساتھ مدد کرتے ہوئے اپنے نفس کے جھوٹ کے خلاف جہاد کریں پھر اللہ آپ کو ان کی تربیت کی توفیق دے گا جو خدا کے قریب آنے کے لئے خود کئی کئی مشکلات میں سے، کئی مصائب میں سے گزر کر حاضر ہو چکے ہیں اب ان کو آپ نے سنبھالنا ہے ، ان کی دلداریاں کرنی ہیں، ان کی تربیت کرنی ہے اور رمضان یہ بہترین مہینہ ہے تربیت کے لحاظ سے اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ثم آمین