خطبات طاہر (جلد 14۔ 1995ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 265 of 1060

خطبات طاہر (جلد 14۔ 1995ء) — Page 265

خطبات طاہر جلد 14 265 خطبہ جمعہ 14 اپریل 1995ء اس خوشخبری کو سچا کر دکھا ئیں اپنی ذات میں اس کا اطلاق کریں اور جانیں کہ یہ بظاہر نقصان ہے مگر حقیقت میں بہت بڑی سعادت ہے۔اس لئے غم کر کے اس آیت کے اطلاق کو اپنے متعلق مشکوک نہ ہونے دیں۔یہ بڑا مشکل کام ہے لیکن جہاں تک میرا خورشید احمد خان سے رابطہ ہوا ہے مجھے یہی تسلی ہوئی اور دوہرا اطمینان ہوا کہ الحمدللہ میری نصیحت سے پہلے ہی ان لوگوں نے وہی نمونہ دکھایا ہے جس کا تذکرہ اس آیت میں ملتا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہید کی روح کو تسلیاں دے گا کہ تمہارے پیچھے رہنے والوں کا ہم خیال رکھیں گے تم بالکل تسلی رکھو، کوئی غم نہیں ہوگا ان کو کوئی خوف نہیں ہوگا ، پس شہداء کی جو اولاد پیچھے رہ جاتی ہے ان کی زندگی پر نظر ڈال کر دیکھیں اللہ تعالیٰ حیرت انگیز طور پر ان کے حالات بدلتا ہے، ان پر بے شمار نعمتیں اور فضل نازل فرماتا ہے اور کہیں سے کہیں پہنچا دیتا ہے۔اس کے مقابل پر جو دوسرے رشتے دار پیچھے رہ جاتے ہیں ان کی حیثیت ہی کوئی نہیں ہوتی۔حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحب شہیڈ کی اولا د کو دیکھ لیں آج دنیا میں ہر جگہ بڑے بڑے مناصب پر بڑی بڑی اعلی علمی فضیلت کے مقامات تک پہنچی ہوئی اولاد ہے۔کئی علم کے پہلوؤں سے انہوں نے ترقی کی ہے اور دنیا کی نعمتوں سے بھی خدا نے ان کو کسی پہلو سے محروم نہیں رکھا۔ساری دنیا میں بڑی عزت کے ساتھ پھیلایا ہے۔ان کے متعلق ان کے ایک عزیز نے جو پشاور میں رہتے ہیں انہوں نے مجھے ایک دفعہ لکھا کہ جس علاقہ میں ہمارا خاندان ہے وہ لوگ جو احمدیت سے الگ ہیں، الگ رہے ہیں اس وقت یا بعد میں چھوڑ گئے ، ان کا کوئی بھی حال نہیں۔نہ دین نہ دنیا، کوئی حیثیت باقی نہیں رہی۔جو عزتیں عطا ہوئی ہیں وہ اسی خاندان کو ہوئی ہیں جو حضرت صاحبزادہ عبداللطیف شہید کی اولاد تھی اور اولاد در اولاد تھی۔تو اللہ تعالیٰ کا یہ وعدہ ایک سچا وعدہ ہے اس میں ادنیٰ بھی شک نہیں ہے کہ دنیا میں بھی شہداء کی اولاد کے ساتھ اللہ تعالیٰ غیر معمولی رحمت اور شفقت کا سلوک فرماتا ہے۔بعض دفعہ فوری طور پر انسان کو دکھائی نہیں دیتا مگر وقت بتادیتا ہے کہ اللہ تعالی کسی وعدے کو بھولتا نہیں اور ہمیشہ خدا کے وعدے بڑی شان کے ساتھ اس دنیا میں پورے ہوتے ہیں اور یہ ثابت کرتے ہیں کہ آئندہ کے لئے جو ان سے وعدے ہیں وہ بھی ضرور پورے ہوں گے۔پس ان شہید کے پسماندگان کے متعلق یہ میرا جو تاثر ہے یہ قرآن کی آیات کے مطابق ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ اللہ اپنے فضلوں سے ان کو نوازے گا اور کسی حالت میں بے یارومددگار نہیں چھوڑے گا۔