خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 917 of 1080

خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 917

خطبات طاہر جلد 13 917 خطبہ جمعہ فرمودہ 2 دسمبر 1994ء انسان کا خرچ کچھ نہیں ہوتا۔کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا کہ میں نے یہ بے چینی دور کر دی تو میرا یہ کچھ کم ہو جائے گا۔اس کے لئے تو جنت کی جزا کا ذکر کافی تھا مال خرچ کر کے کسی غریب کی مدد کرنے میں چونکہ یہ خطرہ لاحق ہوتا ہے کہ کہیں اس دنیا میں میرے اموال کم نہ ہوں تو اللہ نے اس کی بھی تسلی کروادی۔آنحضور ﷺ فرماتے ہیں کہ دنیا اور آخرت میں اللہ اس کے لئے آسانی اور آرام کے سامان مہیا فرمائے گا اس لیے خدا کی خاطر خدا کے بندوں پر کچھ خرچ کرنا کسی کمی پر منتج نہیں ہوتا۔اس کے نتیجہ میں کوئی مالی نقصان اس دنیا میں بھی نہیں ہوتا کیونکہ اللہ تعالیٰ اس کو بڑھا دیتا ہے اور صدقات میں برکت رکھی گئی ہے۔یہ بات ایسی ہے جس کو بعض غیر مسلم بھی سمجھتے ہیں۔ہمارے ملک ہندوستان میں بڑا ہندوستان، پاکستان بھی جس کا حصہ تھا اس میں ہندو قوم میں جو تاجر ہیں وہ دان پین کے بڑے قائل ہیں اور ایک زمانہ تھا جبکہ پارٹیشن سے پہلے مسلمانوں کی طرف سے تو شاذ کے طور پر خیراتی ادارے دکھائی دیتے تھے اور ہندو تاجروں کی طرف سے جگہ جگہ خیراتی ادارے قائم کئے جاتے تھے۔اس لئے کہ ان کا تجربہ بتاتا ہے کہ اگر بنی نوع انسان کی ہمدردی میں کچھ خرچ کیا جائے تو مال کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے اور یہ جو بات ہے یہ وہ خود کھلے بندوں کہتے بھی ہیں کہ ہم جو خرچ کرتے ہیں یہ اس لئے ہے کہ اس سے ہمارے اموال میں برکت پڑتی ہے۔تو ایک مشرک ، ایک بے دین بھی اللہ کی رحمت کا یہ تجربہ رکھتا ہے اور ان کی تجارتیں گواہ ہیں اس بات پر کہ یہ خدا پر ان کی توقع درست تھی۔بے دین ہونا ان کی اس نیکی کی راہ میں حائل نہیں ہوسکا اور نہ اس اجر سے ان کو محروم کر سکا جو اس نیکی کے ساتھ خدا نے وابستہ فرما دیا ہے۔اس میں دین کا ذکر نہیں ہر انسان کے ساتھ یہ تقدیر برابر لاحق ہوچکی ہے ، خدا تعالیٰ نے وابستہ کر دی ہے کہ اگر خدا کی خاطر اس کے بندوں کے لیے اپنا مال خرچ کرے گا تو اسے دنیا میں بھی برکت عطا کی جائے گی۔پھر فرمایا آخرت میں جو ہے وہ تو بہر حال ہے ہی۔آخرت میں بھی اس کے ساتھ بہت ہی سہولت کا معاملہ کیا جائے گا اور ہم میں سے ہر شخص اس سہولت کا محتاج ہے کیونکہ اگر اعمال کو دیکھا جائے تو اعمال کے برتے پر تو جنت میں داخلہ بڑا مشکل کام ہے۔مغفرت اور درگزر اور پردہ پوشی کا جہاں تک تعلق ہے اور اللہ کے فضل کا ، اس طرف سے دیکھیں تو جنت بالکل آسان دکھائی دینے لگتی ہے لیکن اس کے جو رستے خدا نے بنائے ہیں ان رستوں پر نظر رکھنی چاہئے۔اس دنیا میں