خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 780
خطبات طاہر جلد 13 780 خطبہ جمعہ فرمودہ 14/اکتوبر 1994ء ترجمہ درست ہو اور کسی قسم کے اعتراض کا محل نہ بن سکے اور اس کی مثالیں بہت سی ہیں میں اس وقت نہیں دے سکتا۔لیکن جو میں ترجمہ خود پڑھا رہا ہوں اس میں وقتا فوقتا ٹھہر کر وہ باتیں کھول دیتا ہوں کہ دیکھیں یہ ترجمہ فلاں نے یہ کیا ہے، ہم یہ کر رہے ہیں اس کی یہ سند ہے۔قرآن اس پر گواہ ہے، حدیث گواہ ہے، انسانی فطرت گواہ ہے یہ اس لئے ضروری ہے کہ بعض دفعہ غیر ہمارا ترجمہ اٹھا کر بتاتے ہیں کہ دیکھو جی آپ نے معنوی تحریف کر لی ہے اور یہ ترجمہ دوسرے تراجم میں نہیں ملتا۔ہر احمدی کو اس بات کی اہلیت ہونی چاہئے کہ وہ فور بتا سکے اور دلائل سے ثابت کر سکے کہ تحریف تم لوگوں نے کی ہوئی تھی ، ہم نے اس تحریف کا ازالہ کیا ہے اور قطعی شواہد ہمارے حق میں ہیں کہ یہی ترجمہ ہونا چاہئے اور قرآن کی عظمت اور شان کا تقاضا یہی ہے کہ یہ ترجمہ ہو۔پس ان پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور اس جذبے کے ساتھ اس خواہش کے ساتھ کہ ایسا ترجمہ ہو جو چھوٹی عمر کے بچوں کو بھی سمجھ آ رہا ہو، نئے آنے والوں کو بھی سمجھ آئے ، پرانوں کو بھی سمجھ آئے ، کچھ نسبتاً تفصیل کے ساتھ بعض پہلوؤں پر گفتگو کرتا ہوں وہ ترجمہ چونکہ کچھ عرصے سے جاری ہے اب آپ اگر وہ براہ راست سننا شروع کریں گے تو آپ کو پورا فائدہ نہیں دے گا کیونکہ بہت سے گرائمر کے ایسے سبق ہیں جو پہلے دے بیٹھا ہوں اور آئندہ اگر آپ نے شروع کر دیا تو آپ کو پتا نہیں لگے گا کہ میں کیا کہ رہا ہوں کس طرف اشارہ کر رہا ہوں۔اس لئے روزانہ ان پروگراموں کو الگ جمع کرنا اور پہلے سے جو ترجمے ہو چکے ہیں ان کے لئے اپنے تین گھنٹوں میں سے وقت کا نکالنا اور پھر اس کو بعد میں آنے والے پروگراموں سے ملانا یہ کام ہے اور ایک ایسا وقت آ سکتا ہے جب آپ شامل ہو جائیں کیونکہ یہ ترجمے کی کلاس ہفتے میں صرف دو گھنٹے کے لئے ہوتی ہے۔آپ اگر Catch up کر جائیں یعنی اس کو پکڑ لیں جو کھویا ہوا وقت ہے، تو رفتہ رفتہ دوسرے آنے والے پروگرام بھی اس میں شامل کرنے کے بعد ایسی جگہ پہنچ سکتے ہیں کہ جب روزانہ کا پروگرام روزانہ دکھا سکیں۔ایک اور جاری پروگرام ہے وہ ہے زبان سکھانے کا پروگرام۔اس سلسلے میں میں نے تمام دنیا کی جماعتوں سے وعدہ کیا تھا کہ ہم ایک ایسا طریق اختیار کریں گے جس سے کسی اور زبان سے واسطے کے بغیر براہ راست ایک زبان اہل زبان کی طرف سے سکھائی جائے گی اور بیک وقت اگر آٹھ چینل مہیا ہیں تو آٹھ زبانیں ایک ہی پروگرام سے سکھائی جاسکیں گی اور یہ بھی میں آپ کو بتا دوں کہ