خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 745 of 1080

خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 745

خطبات طاہر جلد 13 745 خطبہ جمعہ فرمودہ 30 ستمبر 1994ء سے دنیا کا ہر خطہ کسی نہ کسی رنگ میں فائدہ اٹھاتا ہے۔قوموں میں بھی ، اسی طرح اچھے لوگ عیسائیت میں بھی ہیں، یہودیت میں بھی ہیں، مشرکوں میں بھی ایسے اچھے نیک دل لوگ مل جاتے ہیں، تو احمدیت میں تو زیادہ ملنے چاہئیں اور ملتے ہیں۔ایسے لوگ ہیں جو اپنے آپ کو وقف کئے ہوئے ہیں تبلیغ کے لئے اور انہی کا کھایا انہی کی کمائی آپ سب مل کر کھاتے اور اپنی طرف سے فخر سے کہتے ہیں کہ اس سال کینیڈا کو دوسو بنانے کی توفیق ملی اور اس سال تین سو بنانے کی توفیق ملی اور چارسو غیر مسلموں کو مسلمان کرنے کی توفیق ملی حالانکہ آپ میں سے اکثریت ایسی ہے جن کا کوئی بھی اس میں کام نہیں تھا۔گنتی کے پانچ ، دس، پندرہ ہوں گے جن کی محنتوں کا یہ پھل ہے اور بڑے فخر سے ہم کہہ کر اس میں شامل ہورہے ہیں۔بھئی ہم تو ہیں لیکن ہم نے کام کیوں نہ کیا مل کے؟ محنت کی دفعہ وہ الگ ہو گئے اور آپ الگ رہے اور جب پھل بانٹنے کا وقت آیا تو ہم کہہ کر سارے شامل ہو گئے یہ تو جائز بات نہیں۔آپ میں سے ہر ایک کو مبلغ بننا ہو گا۔چھوٹے بڑے، بوڑھے جوان، مرد عورت، ہر ایک کو اپنے دائرے میں تبلیغ کرنی ہوگی اور جنہوں نے ایسا شروع کیا ہے اللہ تعالیٰ نے ان کو بڑے پھل عطا کرنے شروع کر دیئے ہیں۔حیرت انگیز پاک تبدیلیاں پیدا ہو رہی ہیں۔عالم احمدیت جاگ اٹھا ہے اور جاگنے کے وقت کی سنسناہٹ کی آواز میں سنائی دے رہی ہیں۔جس طرح صبح جاگتی ہے تو رات کی خاموشیاں ایک عجیب قسم کی بھنبھناہٹ میں تبدیل ہو جاتی ہیں اس طرح کل عالم احمدیت میں ایک منظر ہے، ہر طرف جاگ ہو رہی ہے، اٹھ رہے ہیں جیسے صبح سویرے ہل لے کر زمیندار کھیتوں کی طرف چل پڑتے ہیں کام کرنے والے اپنے ہتھیار لے کر کاموں کی طرف چل پڑتے ہیں ویسا ہی منظر دنیائے احمدیت میں دکھائی دے رہا ہے۔یہاں کیوں دکھائی نہ دے؟ نارتھ امریکہ کے ملکوں کا کیا قصور ہے کہ یہاں خدا کی وہ رحمتیں نازل نہ ہوں۔اس لئے اپنے دلوں میں پاک تبدیلیاں پیدا کریں اور اس جذبے کو اپنے دل میں جاگزیں کرلیں، اپنی زندگی کا مقصد بنالیں۔جن مقاصد کو لے کر آپ دنیا کماتے ہیں وہ ایسے مقاصد ہیں جو آپ کی ساری زندگی پر قابض ہو جایا کرتے ہیں۔ہر نقصان آپ کو تکلیف دیتا ہے ہر فائدے کی خوشی ہوتی ہے اور جب تک ان مقاصد کو آپ حاصل نہ کر لیں آپ چین سے بیٹھ ہی نہیں سکتے۔یہ اپنائیت پیدا کریں خدا کے پیغام سے اور جیسا کہ میں نے بار بار آپ کو سمجھانے کی کوشش کی ہے یہ اپنائیت یقین کے بغیر پیدا نہیں ہو سکتی۔