خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 675
خطبات طاہر جلد 13 675 خطبہ جمعہ فرمودہ 9 ستمبر 1994ء جو میں نے سلسلہ خطبات کا شروع کر رکھا ہے اس میں انسانی تعلقات کے دائرے پیش نظر ہیں اور انسان کے انسان سے معاملات کے حالات بہتر بنانے کی خاطر حضرت اقدس محمد مصطفیٰ کی نصائح ہی سے استفادہ کر رہا ہوں اور آپ ہی کے الفاظ میں حتی المقدور اس پاک چلن اور پاک نمونے کی جماعت سے توقع رکھتا ہوں جو حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ کے قدموں سے منسوب ہونے کا ایک طبعی تقاضا ہے۔پس احادیث آپ ہی کے الفاظ میں پیش ہورہی ہیں کہیں ضروری سمجھتا ہوں تو بعض حصوں کی تشریحات یا ان سے جو مضمون نکلتے ہیں ان پر گفتگو شروع ہو جاتی ہے۔حضرت معاذ بن جبل بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ” جہاں بھی تم ہو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔“ ”جہاں بھی تم ہو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔‘ یہ بہت ہی گہرا فقرہ ہے یعنی اس کا خیال کیوں آیا ہے کسی کو جہاں بھی تم ہو اس لئے کہ اللہ ہر جگہ موجود ہے اور یہ ایک ایسے شخص کا کلام ہے جس کو نہ صرف خدا کی ذات پر کامل یقین ہے بلکہ اس کے ہر آن حاضر ہونے کا بھی پورا یقین ہے اور اس کے بغیر یہ تصور ہی دماغ میں پیدا نہیں ہو سکتا کہ جہاں بھی تم ہو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔اگر کوئی برا کام کر بیٹھو تو اس کے بعد نیک کام کرنے کی کوشش کرو یہ نیکی اس بدی کو مٹادے گی۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اِنَّ الْحَسَنَتِ يُذْهِبْنَ السَّيَّاتِ ( عود : 115 ) کہ نیکیاں بدیوں کو دور کر دیتی ہیں اردو محاورے میں کہتے ہیں کھا جاتی ہیں تو اردو محاورہ تو غلط ہے کیونکہ نیکیاں بدیوں پر تو تھوکتی بھی نہیں اس لئے کھانے کا کیا سوال ہے ہاں ان کو زائل کر دیتی ہیں جیسا کہ قرآنی محاورہ ہے۔جاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا کہ حق آیا اور باطل بھاگ گیا کیونکہ باطل کے مقدر میں ہی بھا گنا ہے۔پس نیکی اور بدی کی مثال نور اور اندھیرے کی سی ہے اور حق اور باطل کی بھی یہی مثال ہے پسی یذْهِبْنَ السَّيِّاتِ ہی درست محاورہ ہے اور ہونا بھی یہی تھا کیونکہ اللہ کا کلام ہے۔فرماتا ہے کہ نیکیاں آتی ہیں تو بدیوں کو دور کر دیتی ہیں۔اس بات کو سمجھانے کی ضرورت اس لئے پیش آئی کہ آگے جو بات آ رہی ہے اس کا کوئی غلط نتیجہ نہ نکالے۔فرمایا اگر کوئی برا کام کر بیٹھو تو اس کے بعد نیک کام کرنے کی کوشش کرو۔یہ سلسلہ نہ انسان چلا بیٹھے کہ بدیوں پر جرات اختیار کرے اور بدیاں کرتا چلا جائے اور کہے اس کے بعد میں کچھ نیکی کرلوں گا اور بدیاں دور ہو جائیں گی۔بدی کے اثر اور اس کی عقوبت کا ذکر نہیں چل رہا یہ مضمون وہ ہے جو