خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 491
خطبات طاہر جلد 13 491 خطبہ جمعہ فرمود و 8 جولائی 1994ء جلسہ سالانہ کا نظام عالمی بھائی چارے کو تقویت دیتا ہے۔اعلیٰ اخلاق میں عالمی معیار قائم رکھنا بہت ضروری ہے۔(خطبہ جمعہ فرمودہ 8 جولائی 1994ء بمقام بیت الفضل لندن) تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے فرمایا:۔گزشتہ دو خطبات چونکہ کینیڈا کے سفر کے دوران گزرے اس لئے براہ راست ٹیلی ویژن پر وہ خطبات دکھائے نہیں جا سکے لیکن ان کی ریکارڈنگ یہاں بھجوائی جاتی رہی ہے جس طرح پرانے خطبات ان دو خطبات کے موقع پر کام آگئے یہ دو خطبات جو کینیڈا میں دئے گئے تھے وہ بھی آپ کو بعد ازاں کسی وقت دکھا دئے جائیں گے۔کینیڈا کا سفر اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر پہلو سے بہت کامیاب گزرا۔اس دفعہ کینیڈا کے جلسوں میں حاضری خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ گزشتہ موقع سے دگنی یا اس سے بھی زائد تھی۔اگر چہ امریکہ سے بھی بہت بھاری تعداد میں زائرین تشریف لائے تھے لیکن ان کی تعداد کو الگ بھی کر دیا جائے تب بھی کینیڈا کے زائرین جو باہر سے آئے تھے اور ٹورانٹو کے رہنے والے احمدی ان کی تعداد اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلے سے کافی زیادہ تھی۔بہت سی ایسی تعداد تھی جو پاکستان سے نئے آنے والے تھے۔یعنی وہ پرانے احمدی احباب جو اس انتظار میں تھے کہ ان کو قومی طور پر رہائش کا حق مل جائے اور وہ اپنے اہل وعیال کو بلا سکیں۔اس عرصہ میں زیادہ تر تعداد کا اضافہ اسی وجہ سے ہوا ہے کہ ان لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ کینیڈین حکومت نے قومی طور پر وہاں رہنے کی اجازت کا حق