خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 655
خطبات طاہر جلد ۱۲ 655 خطبه جمعه ۲۷ را گست ۱۹۹۳ء غلبہ نصیب ہے جس کے نتیجے میں لازماً وہ معزز وجود ہے اور پھر حکیم ہے اور جیسا کہ میں بیان کر چکا ہوں حکمت کا تقاضا یہ ہے کہ اگر میری ہی سب چیزیں ہیں تو میں ایک کا دوسرے سے فرق کر کے نہ دکھاؤں۔یہی وہ مضمون ہے جس کو قرآن کریم انبیاء کی صورت میں بھی جاری کر کے دکھاتا ہے۔لَا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِنْ رُّسُلِهِ (البقره: ۲۸۶) یہ آواز تو مومنوں کی ہے مگر مومنوں کے منہ سے یہ دعا نکالی گئی ہے اس میں یہ لَا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِّنْ رُّسُلِهِ ہے مگر خدا تعالیٰ ہے۔چونکہ خدا تفریق نہیں کرتا اس لئے ہم بھی تفریق نہیں کریں گے اور دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف منسوب کر کے بھی یہی مضمون بیان فرمایا کہ خدا تعالیٰ انبیاء کے درمیان کوئی تفریق نہیں کرتا۔یہ تفریق ان معنوں میں نہیں ہے کہ بعض کو زیادہ پیار نہیں کرتا بلکہ تفریق ان معنوں میں ہے کہ جہاں تک عدل کا تقاضا ہے تمام انبیاء برابر کا مرتبہ رکھتے ہیں اور عدل کے تقاضوں کے لحاظ سے ان سے بعینہ وہی سلوک کیا جائے گا جو اس سے پہلے یا کسی اور جگہ دوسرے انبیاء سے کیا جاتا ہے۔پس جب قیام عدل توحید سے قائم ہو جائے تو اگلا سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا عدل پر ہی بنا ہوگی یا عدل کے قیام کے بعد کوئی اگلی منزل بھی ہے۔تو وہ آیت جو میں نے سورۃ البقرہ سے پڑھ کر سنائی ہے۔اس میں اللہ تعالیٰ اس مضمون کو یوں بیان فرماتا ہے۔وَالهُكُمُ الهُ وَاحِدٌ دیکھو تمہارا خدا ایک ہی خدا ہے اور کوئی معبود نہیں۔لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الرَّحْمَنُ الرَّحِيمُ پہلے فرمایا قالَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ اب فرمایا لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الرَّحْمَنُ الرَّحِيمُ اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں اور وہ رحمان اور رحیم ہے یعنی یہاں عدل سے بالا مضمون شروع ہو گیا ہے۔محض تم سے عدل نہیں کرے گا بلکہ تمہارے ساتھ غیر معمولی رحمت کا سلوک فرمائے گا اور یہ مضمون بھی دراصل تو حید کے ساتھ ایک گہرا تعلق رکھنے والا مضمون ہے۔ایک وجود جس نے کسی ایک وجود کو اپنا بنا لیا ہو جس کا سہارا کسی ایک وجود کے سوا کوئی نہ رہا ہو ایسے وجود پر جس وجود کوسہارا بنایا جاتا ہے وہ ضرور رحم کرتا ہے۔وہ شخص جو سب دنیا سے تعلق کاٹ کر آپ کی چوکھٹ پہ آپڑتا ہے۔ایک طبعی بات ہے کہ اس کے لئے دل میں رحم جوش مارے۔پس خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہمارے سوا اور تمہارا ہے کوئی نہیں، تو اگر ہم تم سے پیار اور رحمت کا سلوک نہیں کریں گے تو اور کون کرے گا کیونکہ ہمارے سوا تمہاری اور کوئی چوکھٹ باقی نہیں رہی۔