خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 400 of 1087

خطبات طاہر (جلد 12۔ 1993ء) — Page 400

خطبات طاہر جلد ۱۲ 400 خطبه جمعه ۲۱ رمئی ۱۹۹۳ء آپ نے پھیلنا ہی پھیلنا ہے، لازماً آپ نے دنیا پر غالب آنا ہے کیونکہ خدا کا یہ وعدہ ہے آپ کے ساتھ جو سورہ فتح میں دیا گیا ہے۔پس آخرین کا یہ دور ہے جس میں ہم گزر رہے ہیں۔خدا کرے کہ اس دور کی تمام برکتیں ہمیں حاصل ہو جائیں اور خدا کرے کہ محمد رسول اللہ کی صفات سے مزین اور لیس ہو کر ہم دنیا میں ایک عظیم انقلاب پیدا کر دیں۔اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو اور جلد تر ایسا ہو۔(آمین )۔نماز جمعہ اور نماز عصر کے معاً بعد امیر صاحب ناروے کی نماز جنازہ ہو گی۔امیر صاحب ناروے چوہدری عبدالعزیز صاحب چند دن پہلے اچانک حرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگئے ہیں۔بہت مخلص اور فدائی ، بڑے باہمت انسان تھے۔علم کے لحاظ سے اتنے زیادہ نہیں لیکن تقویٰ کے لحاظ سے بڑے مضبوط تھے۔اسی پہلو سے میں نے اُن کو امیر مقرر کیا تھا۔اگر چہ ناروے کی امارت کوئی آسان کام نہیں ہے کیونکہ وہاں کئی ایسے مزاج کے لوگ ملتے ہیں جو امیر کی امارت کی راہ میں مسلسل حائل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔اُس کے باوجود بڑے مضبوط قدموں سے انہوں نے صحیح فیصلے کئے ، جرات کے ساتھ فیصلے کئے۔اُن پر عمل کر کے دکھایا اور قطعاً پروانہیں کی ، نہ دوست کی نہ دشمن کی۔تقویٰ کی راہ پر قائم رہے۔پس ان کی وفات ایک نیک انجام کی خبر دیتی ہے اور اس نیک انسان کی نماز جنازہ ہم انشاء اللہ تعالیٰ جمعہ کی اور عصر کی نماز کے بعد پڑھیں گے۔یہ خطبہ جو ہے آج میں دے رہا ہوں۔جب ناروے میں جاؤں گا اور وہاں پہلا جمعہ ہو گا اُس وقت یہ خطبہ دکھایا جائے گا اور نماز جنازہ جو آج ہم پڑھ رہے ہیں۔اس کے نتیجے میں جو دعاؤں میں سب لوگ شامل ہوں گے یہ در حقیقت آج نہیں بلکہ ناروے کی سرزمین پر جب یہ خطبہ دکھایا جائے گا اُس وقت شامل ہوں گے۔اُس وقت عالمی طور پر سنا جائے گا۔عالمی طور پر اُن کے لئے دعا کی تحریک ہوگی۔وہ بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عجیب تو ارد ہے کہ اگر چہ آج کا خطبہ ہالینڈ میں دیا جا رہا ہے مگر ناروے کے امیر کے لئے عالمی دعا ئیں اُس وقت ہوں گی جب میں ناروے کی سرزمین پر ایک اور خطبہ دے رہا ہوں گا۔اللہ تعالیٰ اُن کو غریق رحمت فرمائے اور ناروے کی جماعت کو بھی اچھی مضبوط قیادت عطا فرمائے اور اُن لوگوں کو عقل و ہوش دے جو ہمیشہ امیر کی راہ میں کسی نہ کسی رنگ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ساری جماعت کو سچے معنوں میں اطاعت امیر کی توفیق بخشے۔(آمین۔)