خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء) — Page 671
خطبات طاہر جلد ۱۱ 671 خطبه جمعه ۸ ار ستمبر ۱۹۹۲ء حرف اظہار کے لئے استعمال نہیں کیا جا تا بلکہ زبانیں مزاج کی حفاظت کیا کرتی ہیں۔وہ پٹھان جو پشتو کی حفاظت کرتے ہیں اکثر ان میں سے ایسے ہیں جن کی کلچر نہیں بدلتی اور پٹھانوں میں یہ خوبی ہے خاص طور پر کہ دنیا میں جہاں جائیں وہ اپنی زبان نہیں چھوڑتے۔اسی طرح Italians میں یہ خوبی ہے، اسی طرح Chinese میں یہ خوبی پائی جاتی ہے کہ وہ جہاں جاتے ہیں اپنی زبان کی حفاظت کرتے ہیں اور پھر زبان ان کی حفاظت کرتی ہے۔زبان ان کے لئے حصار کھڑا کر دیتی ہے اور ان کی کلچر جہاں بھی جائیں قائم رہتی ہے۔آپ امریکہ جائیں انگلستان جائیں آپ کو چائنا ٹاؤن ملیں گے، آپ کو اٹالین آبادیاں ملیں گی جس میں ان کے کلچر اسی طرح قائم ہے جس طرح اپنے ملک میں ہوا کرتی تھی۔تو احمدی کے لئے جو پاکستان سے آتا ہے اردو کی حفاظت بہت ضروری ہے۔جب میں کہتا ہوں مقامی زبان سیکھیں تو ضرور سیکھیں اس کے بغیر آپ کا گزارہ نہیں ہے، اس کے بغیر آپ ان کو پیغام پہنچا ہی نہیں سکتے ، اس کے بغیر آپ ان سے اپنائیت کا رابطہ نہیں کر سکتے۔یہ آپ کو غیر سمجھیں گے لیکن ان کو اپنانے کے لئے آپ تو غیر نہ ہو جائیں کہ اپنوں سے ہی جاتے رہیں۔اس میں بھی توازن پیدا کرنا ضروری ہے۔اُمَّةً وَسَطًا بنا ہو گا آپ اپنی زبان کی بھی حفاظت کریں، اپنے کلچر کی حفاظت کریں اور پھر دوسروں کی زبانیں سیکھیں تو آپ کو کوئی خطرہ نہیں لیکن صرف ان کی سیکھتے رہ جائیں گے تو پھر آپ کو خطرہ ہے آپ کا تمدنی پس منظر آپ کے ہاتھ سے جاتا رہے گا۔اس سلسلے میں بعض دفعہ میں نصیحت کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کو گھر میں وہ ابتدائی کتابیں بھی پڑھا ئیں جو آپ نے بچپن میں پڑھی ہوئی تھیں۔مثلاً اردو پڑھاتے وقت پہلی میں جو کورس ہوا کرتے تھے اس میں بعض لطیفے تھے ، بعض سبق آموز کہانیاں تھیں خواہ وہ پر یوں بھوتوں کی ہوتی تھیں اس زمانے میں ایسی کہانیاں جوڑی جایا کرتی تھیں جن میں سبق ہوں تو وہ کہانیاں آپ نے پڑھی ہوئی ہیں ، وہ لطیفے آپ نے پڑھے ہوئے ہیں اور آپ کو یہ یاد ہوگا کہ جب بھی آپ سے پہلے جن لوگوں نے وہ کتابیں پڑھی ہیں کوئی لطیفہ بیان کرتے ہیں تو دونوں کو ایک جیسا مزہ آتا ہے اور وہ ایک رستہ ہے جس نے دونسلوں کو باندھا ہوا ہے آپس میں۔وہ تمدنی پس منظر ہے جو زبان کے ذریعہ آپ کو میسر آیا ہے لیکن اگر کورس بدلنے شروع ہو جائیں جس طرح آج کل رواج چل پڑا ہے کہ ہر چوتھے پانچویں سال بنیادی کورس ہی بدل دیئے تو دو نسلوں کے درمیان رابطے ختم ہو جاتے ہیں۔اس کی