خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 473 of 1004

خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء) — Page 473

خطبات طاہر جلدا 473 خطبہ جمعہ وار جولائی ۱۹۹۲ء مرکزی راز ہے وہ دیانت میں ہے۔اخلاص کے نتیجہ میں چندہ آئے گا۔مال کا نظام مضبوط ہو گا تو چندے کو سنبھالا جائے گا لیکن اگر دیانت کا فقدان ہو جائے تو یہ دونوں باتیں بالکل بیکار اور باطل ہو جائیں گی۔کوئی بھی ان کی حیثیت نہیں رہے گی۔پس ہمارے آڈٹ کے نظام کو بھی مستعد ہونا چاہئے اور بالعموم جماعت کا دیانت کا معیار اونچا کرتے رہنا چاہئے میری نظر تو اس پر پڑتی ہے کہ مجھے مالی لین دین میں کتنی شکائتیں بد دیانتی کے متعلق پہنچتی ہیں۔اس کو میں بڑے غور اور فکر سے دیکھتا ہوں اور اس سے اندازہ لگاتا رہتا ہوں کہ اس وقت جماعت کی کیا حالت ہے۔وہ لوگ جو اپنے ذاتی لین دین میں بد دیانتی اختیار کر جائیں جب وہ جماعتی لین دین میں ملوث ہوں گے تو ابتداء وہ بددیانتی نہیں کریں گے کیونکہ کچھ لوگ فرق کرتے ہیں اور یہ ایک طبعی بات ہے۔مثلاً ایک شخص کوئی بات کر رہا ہو۔آپ کہیں کہ تم جھوٹ بولتے ہو تو وہ کہتا ہے: ہیں میں آپ کے سامنے بھی جھوٹ بولوں گا۔یہ بات بھول جاتا ہے کہ خدا کے سامنے کھڑا ہے اور اس کے سامنے جھوٹ بولتے ہوئے شرم نہیں کر رہا لیکن ایک نفسیاتی نکتہ ہے کہتا ہے کہ تو بہ تو بہ میں آپ کے سامنے بات کر رہا ہوں، میں آپ کے سامنے بھی جھوٹ بولوں گا ؟ تو اس نفسیاتی رجحان کے پیش نظر کئی لوگ بد دیانت بھی ہوں تو جماعت کے معاملے میں احتیاط کرتے ہیں اور جماعت کے معاملہ میں چندہ کھانے کے لئے ان کو حو صلے نہیں پڑتے لیکن جب معیار اور گر جائے تو پھر یہ باتیں بھی شروع ہو جاتی ہیں۔اب تو یہ ہے کہ لکھوکھا چندہ دینے والوں میں سے شاید کسی ایک کو شکایت پیدا ہو کہ اس کا روپیہ کسی نے جماعت کے خزانے میں جمع کرنے کی بجائے خود استعمال کر لیا لیکن اگر جماعت کی دیانت کا معیار اتنانہ رہا جتنی کہ ہم توقع رکھتے ہیں تو خطرہ ہے کہ پھر یہ باتیں عام شروع ہو جائیں گی اور اگر خدانخواستہ یہ شروع ہو گیا تو پھر نظام جماعت کی حفاظت کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔تو دعا میں پھر اس کو بھی داخل کر لیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اخلاص کے معیار کو بھی بلند رکھے ہمارے مالی نظام کو بھی مضبوطی عطا کرے۔استقامت بخشے۔ان کو طاقت بخشے۔ان کو محنت کی توفیق بخشے کہ وہ برابر بروقت ہر جماعت کو مالی قربانی کی یاد دہانی کراتے رہیں اور ہمیں دیانت کا بلند معیار عطا فرمائے۔یہ تینوں چیزیں اتنے بلند معیار کی ہوں کہ خدا کے نزدیک ہمارا باغ ربوة پر قائم ہو جائے۔اس بلندی پر قائم ہو جائے جس پر قرآن کی نظر پیار سے پڑ رہی ہے۔جس پر قرآن کے خدا کی نظر پیار سے پڑ رہی ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین