خطبات طاہر (جلد 10۔ 1991ء) — Page 778
خطبات طاہر جلد ۱۰ 778 خطبہ جمعہ ۲۷ ستمبر ۱۹۹۱ء مجبور اور بے اختیار ہے اور بے بس ہے اور ظلم اتنا پھیل گیا ہے، اتنا گہرائی میں جاچکا ہے کہ چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کی عزت بھی محفوظ نہیں رہی، معصوم بچیوں کی عزت بھی محفوظ نہیں رہی۔اغواء ہو رہے ہیں دن بدن اور بڑی بڑی قیمتیں مانگی جاتی ہیں، بعض ایسے غریب لوگ ہیں جنہوں نے مجھے خود اپنی داستان لکھی کہ بچہ ہمارا اغوا ہو گیا ہے اور جتنا مطالبہ ہے اگر ہم ساری جائیداد بیچ دیں تب بھی وہ مطالبہ پورا نہیں کر سکتے اور شرط یہ ہے کہ اگر ہم مطالبہ پورا نہیں کریں گے تو بچے کو قتل کر کے اس کی لاش ہمارے پاس بھیجوا دی جائے گی اور وہ لکھتے ہیں کہ یہ کوئی دھمکی نہیں یہ روز مرہ کی باتیں ہیں۔معصوم بچوں کو قتل کر کے واپس ماں باپ کے پاس بھجوادیا جاتا ہے یا نہروں میں بہا دیا جاتا ہے کہ ان کے ماں باپ وہ پیسے نہیں دے سکے۔چوری ، اچکا پن، ڈاکے، بد دیانتی ، عدالتوں میں جھوٹ کوئی ایک پہلو بھی پاکستانی زندگی کا ایسا باقی نہیں رہا جہاں اسلام جاری و ساری دکھائی دیتا ہو اور کثرت کے ساتھ خدا تعالیٰ کی ناراضگی کی علامات ظاہر ہوتی چلی جارہی ہیں جس طرح حضرت نوح کے سیلاب نے قوم کو غرق کیا تھا اسی طرح بدیوں اور معاصی اور بے اطمینانی اور بدامنی کا ایک سیلاب ہے جس میں ساری قوم غرق ہوئی پڑی ہے اور ان کو یہ علم نہیں کہ ہمارے ساتھ کیوں ایسا ہو رہا ہے؟۔آج بھی اخباروں میں بڑے دھڑلے سے اسلام کی باتیں ہورہی ہیں۔شریعت کے قصے چل رہے ہیں اور مولویوں کے قبضے میں اسلام دے کر اسلام کے ساتھ حد سے زیادہ جو بیوفائی ہو سکتی تھی وہ کی جاچکی ہے۔یہ کوئی نہیں سوچتا کہ اگر یہ چیزیں خدا کی خاطر تھیں، واقعی اسلام کی محبت میں تھیں تو خدا کو کیا ہو گیا ہے کہ اس کے بدلے میں ہمیں انعام دینے کی بجائے جوتیوں پہ جوتیاں مارتا چلا جارہا ہے۔ایسی نیک قوم جس نے اتنے لمبے عرصے تک پاکستان بننے کے بعد جد و جہد جاری رکھی بالآ خر اس ملک کو اسلامی بنانا ہے، ایسی نیک قوم جس نے اس جدو جہد کا دامن نہیں چھوڑا جب تک کہ ان مقاصد کو حاصل نہیں کر لیا اور یہاں تک کہ اسمبلیاں مجبور ہو گئیں، ان کے سر جھک گئے اور آخر شریعت اسلامی نافذ کر دی گئی ایسی قوم کو انعام ملنا چاہئے تھا یا سزاملنی چاہئے تھی ؟ یہ پہلو کوئی نہیں سوچتا۔اور جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ یہ سب کچھ جماعت احمدیہ سے ظلم کے نتیجے میں ہے یہاں تک تو ان کی فکر جاتی ہی نہیں۔سوچ سے ہی محروم ہو چکے ہیں ، دماغی قو تیں سلب ہوگئی ہیں حالانکہ یہ ایک معمولی سی بات ہے اگر احمد یہ مسئلہ نہ ہوتا تو ناممکن تھا کہ پاکستان کی سیاست