خطبات طاہر (جلد 1۔ 1982ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 108 of 515

خطبات طاہر (جلد 1۔ 1982ء) — Page 108

خطبات طاہر جلد اول 108 خطبه جمعه ۲۰ / اگست ۱۹۸۲ء تمكنت عطا فرمائی ، نئے ولولے بخشے۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے احباب جماعت کے دلوں میں نئی امنگیں ڈالی گئیں اور وہ نئی منزلوں کی طرف پہلے سے زیادہ تیز قدموں کے ساتھ روانہ ہوئے۔یہ ایک ایسی تقدیر ہے جو ہر دور میں اسی طرح ظاہر ہوئی ہے اور ہمیشہ اسی طرح ظاہر ہوتی رہے گی۔کوئی نہیں جو اس خدائی تقدیر کو بدل سکے۔۱۹۷۴ء کا زمانہ کوئی دور کا زمانہ نہیں۔آپ میں سے اکثر اس دور سے گزر کر یہاں پہنچے ہیں۔آپ گواہ ہیں کہ احمدیوں پر کیسے کیسے خطر ناک وقت آتے رہے ہیں۔ایسے حالات میں اگر چہ ہمارے پیارے امام کا ہمیں یہی حکم تھا کہ مسکراتے چہروں کے ساتھ ان مصائب کو برداشت کر ولیکن حقیقت یہ ہے کہ چہرے مسکراتے تھے اور دل خون ہورہے ہوتے تھے لیکن مصائب و آلام کے اس پر آشوب دور میں جہاں تک دنیا کی آنکھ کا تعلق ہے وہ جماعت احمدیہ کے چہروں پر ایک کھیلتی ہوئی مسکراہٹ ہی دیکھتی رہی۔دنیا کی کوئی طاقت احمدیوں کی مسکرا ہٹوں کو ان سے چھین نہ سکی۔اور وہ مسکراہٹیں ہمارے لئے ایک ابدی رحمت اور خدا تعالیٰ کے فضلوں کا نشان بن گئیں اور جس طرح پہلے بار ہا جماعت ان مشکلات کے دور سے گزر کر ترقی کی راہوں پر گامزن ہوئی تھی ایک دفعہ پھر ہم نے اللہ کے فضلوں کا نظارہ دیکھا اور اسی نے اپنی رحمت سے ڈولتے ہوئے دلوں کو سہارا دیا۔گرتی ہوئی عمارتوں کی جگہ نئی بہتر اور زیادہ شاندار عمارتیں تعمیر کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔لٹتے ہوئے مالوں میں برکت بخشی۔برباد ہوتی ہوئی تجارتوں کو ازسر نو استحکام بخشا۔اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور رحمتوں کا ہم نے ایک نیا دور دیکھا جو پہلے دور سے کہیں زیادہ عظیم فضلوں والا اور پہلے دور سے کہیں زیادہ طمانیت اور تسکین بخش دور تھا۔یہ سلسلہ خدا کے فضل سے جاری رہا ہے اور جاری رہے گا۔اور جیسا کہ میں نے کہا ہے دنیا کا کوئی ہاتھ اس خدائی تقدیر کے لکھے کو مٹا نہیں سکتا۔اس ضمن میں کچھ تقاضے ہم سے بھی ہیں۔یہ وفا کے تقاضے ہیں۔صبر کے تقاضے ہیں۔استقلال کے ساتھ اپنے رب کی راہوں پر گامزن رہنے کے تقاضے ہیں۔اس کی ہر رضا پر راضی رہنے کے تقاضے ہیں خواہ تنگی کی صورت ہو یا آسانی کی صورت ہر حال میں رب کریم کے حضور سر تسلیم خم کرنے کے تقاضے ہیں۔اگر ہم یہ تقاضے پورے کرتے رہے اور اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتے رہے تو اللہ تعالیٰ اپنے وعدوں کو ہمیشہ پہلے سے زیادہ شان کے ساتھ ہمارے حق میں پورا کرتا رہے گا۔جرمنی