خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء) — Page 551
خطبات ناصر جلد ہفتم ۵۵۱ خطبہ جمعہ ۲۹؍ دسمبر ۱۹۷۸ء نہیں دیتی۔ایسا ہر گز نہیں بلکہ اگر تم دائرہ اسلام کے اندر داخل ہو نا چا ہو، اسلام کو قبول کرنا چاہو اور اسلام کی اطاعت کا جوا اپنی گردنوں پر رکھنا چاہو تو تمہیں کوئی روک نہیں سکتا اور اگر اسلام کو قبول نہ کرنا چاہو تو تم پر کوئی زبردستی نہیں کر سکتا۔تمہیں کوئی زبر دستی مسلمان نہیں بنا سکتا۔یہی اسلام کی حقیقی تعلیم ہے۔ویسے تو غلطیاں کرنے والے ہزار غلطیاں کر جاتے ہیں لیکن خدا تعالیٰ نے قرآن کریم میں جو ہدایت دی ہے وہ یہ ہے کہ دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں جو کسی شخص کو زبردستی مسلمان بنائے اور جیسا کہ میں نے پہلے بتایا ہے ہر دو جہان کی پیدائش کا یہی مقصد ہے۔اگر انسان کو آزادی نہ دی جائے تو اس کائنات کی پیدائش کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔یہی مقصد تو انسان اور فرشتوں کے درمیان ما بہ الامتیاز ہے اور دوسرے ان آیات سے یہ بھی پتا لگتا ہے کہ دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں ہے جو کسی کو اس کی مرضی کے خلاف دائرہ اسلام سے باہر نکال دے، جیسے یہ نہیں ہو سکتا کہ تم کہو ہم اسلام میں داخل ہونا چاہتے ہیں اور کوئی شخص دروازہ روک کر کھڑا ہو جائے اور کہے نہیں! میں تمہیں مسلمان نہیں بنے دوں گا۔یہ بھی نہیں ہو سکتا کہ تم جتنا مرضی کہتے رہو کہ ہم مسلمان ہیں اور پورے اخلاص سے اسلام کی تعلیم پر عمل کرتے رہو لیکن وہ کہے میں تمہیں دھکے دے کر دائرہ اسلام سے باہر نکال دوں گا۔خدا تعالیٰ نے اسلامی تعلیم میں اور قرآنی ہدایت میں کسی کو اس کی اجازت ہی نہیں دی۔خدا تعالیٰ اس قسم کے جبر کو نا پسند کرتا ہے۔یہ عند اللہ نہایت ہی بُرا فعل ہے اور اللہ تعالیٰ کی منشا کے خلاف ہے۔اس لئے ان آیات میں یہ اعلان کیا گیا ہے کہ جو چاہے اپنی مرضی سے کھلے طور پر اپنے ایمان کا اعلان کرے اور جو چاہے اپنی مرضی سے یہ اعلان کرے کہ وہ اسلام کو نہیں مانتا یا اس کا انکار کرتا ہے۔ہر دو لحاظ سے جبر نہیں کیا جاسکتا۔نہ جبراً کسی غیر مسلم کو مسلمان بنایا جا سکتا ہے اور نہ جبراً کسی مسلمان کو غیر مسلم بنایا جاسکتا ہے۔ایک شخص اسلام لے آیا وہ مسلمان بن گیا۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس کے بعد اس کے لئے دروازے کھلے ہیں کہ ایمان لانے کے بعد اگر وہ چاہے تو پھر کفر اور انکار کر دے۔کیا اس صورت میں تو جبر نہیں ہوگا۔اسے یہ تو نہیں کہا جائے گا کہ اسلام کی حقانیت کی تمہیں ایک دفعہ سمجھ آگئی۔قرآن کریم کے نور سے تمہارا دل منور ہو گیا۔اسلام کی حق وصداقت پر مشتمل تعلیم اور