خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 43
خطبات ناصر جلد ششم ۴۳ خطبہ جمعہ ۳۱؍ جنوری ۱۹۷۵ء اللہ تعالیٰ کی ہستی ہے جس نے اس کا ئنات کو پیدا کیا اور اس کی ہر چیز میں بے شمار صفات پیدا کیں اور مخلوق میں سے ہر چیز کو انسان کا خادم بنا دیا، وہی خدا، ہمارا محبوب اللہ جس نے انسان کو انفرادی طور پر بھی اور نوع کے لحاظ سے بھی اتنی طاقت دی کہ وہ خدا تعالیٰ کے پیدا کردہ خدام سے خدمت لے سکے۔یہ وہی قادر ہستی ہے جس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جیسے بے نظیر وجود اور صفات باری کے مظہر اتم کو ہمارے لئے اسوہ حسنہ بنایا۔آپ کے اسوہ پر چل کر اور آپ کی زندگی کا مطالعہ کر کے ہم نے کامیابیوں اور کامرانیوں کو حاصل کیا۔یہ آپ کا عظیم الشان نمونہ ہی ہے جس کی اتباع کر کے اور جس کی غلامی میں آکر اور آپ کے خادم بن کر ہم نے اپنے ربّ کریم کا پیار حاصل کیا۔یہی حقیقی کامیابی ہے جس کے بعد ہمیں نہ کسی چیز کی ضرورت باقی رہتی ہے اور نہ کسی اور کی طرف توجہ کرنے کی کوئی حاجت باقی رہتی ہے۔پس حقیقتا یہی دوزندگیاں ہیں جو عظیم شان رکھتی ہیں باقی ہر زندگی انہی کے طفیل ہے ایک اللہ جل شانہ کی حیات ہے جو منبع ہے ہر حیات کا اور ایک محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہے جو ریعہ ہے اللہ تعالیٰ کی معرفت کے حصول کا۔آپ کا وجود اس کائنات کے لئے سراپا رحمت ہے۔یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا روحانی کمال ہے کہ انسان کے لئے ایسے سامان پیدا کئے گئے کہ وہ اپنے مجاہدہ کے نتیجہ میں خدا تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنے کے قابل ہوا اور اُسے خدا تعالیٰ کے پیار کو حاصل کرنے کا شرف حاصل ہوا اس لئے ہماری زبانوں پر ہمیشہ خدا تعالیٰ کی حمد کے ترانے جاری رہنے چاہئیں۔اسی طرح ہماری زبانوں پر ہمیشہ درود جاری رہنا چاہیے۔محسن انسانیت حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے دعائیں کرتے رہنا چاہیے۔آپ نے بنی نوع انسان سے جو پیار کیا ہے اس کو زندہ رکھنے کی کوشش ہمیشہ جاری رہنی چاہیے تا کہ اس پیار کے نتیجہ میں جو ہمارے دل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے موجزن ہے ہمیں اللہ تعالیٰ کا پیار بھی حاصل ہو جائے۔خدا کرے کہ ہم سب کو اس کی تو فیق عطا ہو۔روزنامه الفضل ربوه ۸ فروری ۱۹۷۵ ، صفحه ۱ ، ۲)