خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 523 of 664

خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 523

خطبات ناصر جلد ششم ۵۲۳ خطبہ جمعہ ۳۰ جولائی ۱۹۷۶ء خدا نے ہمیں حکم دیا ہے کہ اپنے اعمال پر صفات الہیہ کا رنگ چڑھا ئیں خطبہ جمعہ فرموده ۳۰ / جولائی ۱۹۷۶ء بمقام مسجد فضل۔واشنگٹن ( خلاصه خطبه ) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا:۔احمدی مسلمان ہونے کی حیثیت میں ہم اللہ پر ایمان رکھتے ہیں جو قادر مطلق ہے۔ہم ایمان رکھتے ہیں کہ وہ احد یعنی اکیلا ہے اور یہ کہ بجز اللہ کے کوئی پرستش کے لائق نہیں۔ہم ایمان رکھتے ہیں کہ وہ الصمد ہے یعنی وہ سب سے بے نیاز ہے وہ کسی کا محتاج نہیں سب اپنی ضرورتوں اور حاجتوں کے لئے اُس کے محتاج ہیں۔ہم ایمان رکھتے ہیں کہ وہ الحی ہے یعنی ہمیشہ سے زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا کسی مفہوم اور کسی اعتبار سے بھی اس پر موت وارد نہیں ہو سکتی وہ خود ہی زندہ نہیں بلکہ حیات کا سرچشمہ اُسی کی ذات ہے۔ہم ایمان رکھتے ہیں کہ وہ القیوم ہے یعنی وہ ہر قسم کی جسمانی کمزوریوں سے ماوراء ہے اور خود قائم بالذات ہے اور دوسروں کے قیام کا بھی وہی موجب ہے نہ اُسے اونگھ آتی ہے اور نہ نیند اُس پر غلبہ پاتی ہے۔