خطباتِ ناصر (جلد6۔ 1975ء، 1976ء) — Page 510
خطبات ناصر جلد ششم ۵۱۰ خطبہ جمعہ ۱۶ / جولائی ۱۹۷۶ء ہے کوئی بڑی اچھی سیکنڈ ڈویژن میں پاس کرتا ہے اور کہتا ہے کہ میرے لئے آگے پڑھائی کا انتظام کرو یا وظیفے کا انتظام کرو یا باہر بھجوا دو۔ایسے لوگ بھی ہیں چنانچہ میرے ذہن میں جو مثال آئی ہے وہ لڑکا کہے گا کہ میں نے بہت اچھی تو نہیں درمیانے درجے کی سیکنڈ ڈویژن کی ہے لیکن بہت اچھی ہے یہ بھی اس واسطے بیرون ملک میری پڑھائی کا انتظام کر کے جماعت کئی ہزار روپیہ مجھ پر خرچ کرے۔ایسے لوگوں کو تو میں کہا کرتا ہوں کہ جس وقت اچھی فرسٹ ڈویژن والوں سے ہم فارغ ہو جا ئیں گے۔اس وقت ہم عام فرسٹ ڈویژن والوں کی طرف توجہ کر سکیں گے اور جب ہم ان سے فارغ ہو جائیں گے پھر ہم سیکنڈ ڈویژن والوں کی طرف توجہ کر سکتے ہیں ورنہ تو یہ ظلم ہے کہ جو اچھی فرسٹ ڈویژن والا ہے اس کی مدد کو تو خدا تعالیٰ کی جماعت نہ پہنچے اور جو بڑے اچھے نمبر لے کر درمیانے درجے کی سیکنڈ ڈویژن میں پاس ہوا ہے اس پر پیسے خرچ کرنے شروع کر دے یہ تو معقول بات نہیں ہے۔بہر حال جب میرے سامنے ذہین طالب علم آتے ہیں تو میں یہ سوچتا بھی نہیں کہ کہاں سے اور کس مد سے ان کا خرچ برداشت کیا جائے گا بلکہ جس وقت ایسا طالب علم میرے سامنے آتا ہے تو میں اس کو کہا کرتا ہوں کہ تم جا کر داخل ہو جاؤ۔اگر مثلاً اس نے بڑی اچھی فرسٹ ڈویژن لے کر انٹر میڈیٹ پری میڈیکل کیا ہے تو میں اسے کہتا ہوں کہ میڈیکل کالج میں داخل ہو جاؤ اور وہ میرے پاس یہ بات لے کر پہنچا ہوتا ہے کہ جی میرے گھر کے حالات ایسے ہیں کہ میں آگے پڑھ ہی نہیں سکتا۔تو چند سیکنڈ تک تو وہ سمجھ ہی نہیں سکتا کہ میرے منہ سے کیا بات نکل گئی۔وہ حیران ہو کر میرے منہ کو دیکھتا ہے کہ میں تو ان کو کہہ رہا ہوں کہ میں غریب ہوں آگے داخل نہیں ہوسکتا اور یہ مجھے کہہ رہے ہیں کہ جا کر داخل ہو جاؤ۔تو اکثر ایسا بچہ ذہین ہی ہوتا ہے نا۔چنانچہ چند سیکنڈ کے بعد اس کی آنکھوں میں چمک پیدا ہوتی ہے اور پھر وہ سمجھ جاتا ہے لیکن ایک دو واقعات ایسے بھی ہوئے ہیں کہ وہ نہیں سمجھے پھر مجھے کہنا پڑا کہ جب میں کہہ رہا ہوں کہ جا کر داخل ہو جاؤ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا تعالیٰ میرے ذریعے تمہاری پڑھائی کا انتظام کر دے گا اس لئے تمہیں کس چیز کی فکر ہے۔تاہم اکثر بچے سمجھ جاتے ہیں کہ ان کا کیا مطلب ہے لیکن میں یہ بتا دوں کہ جو سیکنڈ ڈویژن والے اور اچھی تھرڈ ڈویژن والے ہیں ابھی ہم ان کو نہیں سنبھال سکتے۔