خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 776 of 836

خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 776

خطبات ناصر جلد پنجم 22Y خطبہ جمعہ ۸ /نومبر ۱۹۷۴ء دنیا خواہ کتنا ہی ذلیل کیوں نہ کرنا چاہے اگر اللہ تعالیٰ عزت دینا چاہے تو خدا تعالیٰ کے اس ارادہ میں دنیا کی کوششیں حائل نہیں ہو سکتیں۔وہ خوب سننے والا بھی ہے اُس کے حضور دعائیں کرنی چاہئیں اور خوب جاننے والا بھی ہے کہ تمہاری دُعاؤں کو کس شکل اور کس رنگ میں وہ قبول کرے گا۔میں جو سلسلہ مضامین بیان کر رہا ہوں جیسا کہ میں نے شروع میں بتایا تھا اس کے دو پہلو ہیں۔ایک خوف اور خشیت کہ اللہ تعالیٰ ناراض نہ ہو جائے اور دوسرے یہ خواہش اور شدید جذبہ اور تڑپ کہ ہم سے ایسے کام سرزد ہوں کہ جن کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کا پیار ہم حاصل کریں۔یہ اسی دوسرے حصہ کے تسلسل میں ایک مضمون ہے۔اگر ہم خدا تعالیٰ کی ولایت، ایسا قرب کہ ہمارے اور اُس کے درمیان کوئی فاصلہ نہ رہے، حاصل کرنا چاہتے ہیں۔( پیار پیار میں بھی فرق ہوتا ہے ) ایسا پیار جس سے بڑھ کر کوئی اور پیار ہو ہی نہیں سکتا ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اس رنگ میں گزاریں اور انتہائی کوشش کے نتیجہ میں اِس بات کو حاصل کر لیں کہ اللہ ہی اللہ ہو۔بندے اور اللہ کے درمیان اور کوئی چیز باقی نہ رہے۔جب تک ہماری یہ کوشش نہیں ہو گی اُس وقت تک خدا تعالیٰ کا قرب حاصل نہیں ہو سکتا۔خدا تعالیٰ یہاں فرماتا ہے کہ اگر تم میرے قریب آنا چاہو گے تو میں تمہارے قریب آؤں گا۔اگر تم یہ کوشش کرو گے کہ اتنے قریب آجاؤ کہ غیر اللہ نیست ہو جائے اور تمہاری کوشش یہ ہو کہ میرے اور تمہارے درمیان غیر اللہ نہ رہے تو میں تمہارے اتنا قریب آ جاؤں گا کہ پھر اس طرح ملاپ ہو جائے گا کہ کوئی چیز بیچ میں آہی نہ سکے۔یہ ولایت کے معنے ہیں جس کا یہاں اعلان کیا گیا ہے۔اس کے لئے بڑا مجاہدہ کرنا پڑتا ہے۔اس کے لئے بڑا جہاد کرنا پڑتا ہے۔اس کے لئے بڑی کوشش کرنی پڑتی ہے۔اس کے لئے انتہائی چوکس رہ کر اپنے اعمال کو سنوارنا پڑتا ہے۔اس کے لئے ہر محبت، ہر پیار اور ہر تعلق ، رشتہ داری کا اور دوسرا جس کا تعلق خدا سے نہیں اُن سارے علائق کو چھوڑنا پڑتا ہے۔لیکن خدا میں ہو کر خدا کے حکم سے اقرباء پروری بھی کرنی ہوتی ہے، دوست نوازی بھی ہوتی ہے۔ہمسایہ کے حقوق بھی ادا کرنے ہوتے ہیں۔بنی نوع انسان کی خدمت بھی کرنی ہوتی ہے لیکن خدا میں ہوکر، خدا کی ولایت کے بعد، پہلے