خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 106 of 836

خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 106

خطبات ناصر جلد پنجم 1+4 خطبہ جمعہ ۱/۶ پریل ۱۹۷۳ء ایک مشورہ وہ ہے جو صدقہ کے بارہ میں کیا جاتا ہے۔عربی زبان اور قرآنی محاورہ میں اس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ انسان اپنے مال کا جو اللہ تعالیٰ ہی نے اسے عطا فرمایا ہے کم از کم ایک حصہ خدا تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے خرچ کرے چنانچہ اسلام ہمیں یہ بتاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے دو بنیادی طریق ہیں ایک اللہ تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی اور دوسرے اللہ تعالیٰ کے پیدا کردہ عباد کے حقوق کی ادائیگی۔ایک کو ہم حقوق اللہ کہتے ہیں اور دوسرے کو حقوق العباد۔ان حقوق کی ادائیگی کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوتی ہے۔مال کا خرچ ہر دو طریق پر ہو سکتا ہے اس سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کے صاحب عقل و فراست بندے باہمی مشورہ کرتے ہیں حقوق اللہ کی ادائیگی کے ضمن میں اس لئے کہ مثلاً معاشرہ اخلاقی بنیادوں پر قائم ہو اس میں کوئی بداخلاقی اور گند نہ ہو مردوزن کا اختلاط اس قسم کا نہ ہو جس کے نتیجہ میں اخلاقی اور معاشرتی برائیاں پیدا ہوتی ہیں۔اس کی تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔پھر اس سلسلہ میں باہمی مشورہ کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو تعلیم دی ہے اس کو سیکھا جائے اور دوسروں کو سکھایا جائے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں بہترین اور اکمل ترین شریعتِ اسلامیہ عطا فرمائی ہے اس کو رائج کیا جائے۔انسان کا اللہ تعالیٰ سے جو تعلق پیدا ہونا چاہیے اس تعلق کو پیدا کرنے کے لئے فضا کو ہموار اور درست کیا جائے۔یہ بھی گویا حقوق اللہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں خرچ کی ایک صورت ہے۔اسی طرح حقوق العباد کی ادائیگی پر جو خرچ ہے اس کا مقصد ا قتصادی خوشحالی پیدا کرنا ہے۔اسلام میں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے اقتصادی طور پر جو حقوق قائم کئے ہیں ان حقوق کی ادائیگی کے لئے خدا کی راہ میں جو اموال پیش کئے جاتے ہیں ان کو خرچ کرنے کی تجاویز سوچنا اور باہمی مشورہ سے انسان کے اقتصادی حقوق کی ادائیگی کی تدابیر کو بروئے کار لانے کے لئے مناسب ذرائع اختیار کرنا، اس قسم کے سب مشورے إِلَّا مَنْ أَمَرَ بِصَدَقَةٍ کی ذیل میں آتے ہیں۔پس جیسا کہ میں نے ابھی بتایا ہے خیر کے جو مشورے ہیں وہ تین قسم کے ہوتے ہیں پہلی قسم حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے لئے اموال پیش کرنے اور پھر ان کو بہترین رنگ میں خرچ کرنے کی تدابیر سو چنے اور عمل کی راہیں نکالنے سے متعلق ہیں اور یہ قسم