خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page v
III بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ و عَلى عَبْدِهِ الْمَسِيحِ الْمَوْعُودِ خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ هُوَ النَّاصِرُ پیش لفظ سیدنا حضرت حافظ مرزا ناصر احمد صاحب خلیفہ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ کے فرمودہ خطبات جمعہ کی پانچویں جلد پیش خدمت ہے۔یہ جلد ۱۹۷۳ء اور ۱۹۷۴ء کے فرمودہ ۷۵ خطبات جمعہ پر مشتمل ہے جن میں ۱۹۷۳ ء کے پانچ اور ۱۹۷۴ ء کے گیارہ غیر مطبوعہ خطبات بھی شامل ہیں۔جن مقدس وجودوں کو خدائے قادر مقام خلافت پر فائز فرماتا ہے انہیں اپنی غیر معمولی تائید و نصرت سے بھی نوازتا ہے اور ان کی زبانِ مبارک سے حقائق و معارف جاری فرماتا ہے۔اس جلد میں مندرجہ ذیل خطبات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔۱ ۵ /جنوری ۱۹۷۳ء کے خطبہ جمعہ میں حضور رحمہ اللہ تعالیٰ نے موصیان کو ان کی ابتدائی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرمایا:۔”جہاں تک موصیان کے لئے ابتدائی کام کرنے کا سوال تھا میں نے یہ کام ان کے ذمہ لگایا تھا کہ تمہارے گھر میں بڑا ہو یا چھوٹا ،مرد ہو یا عورت کوئی بھی ایسا نہ رہے جو قرآن کریم کے پڑھنے کی عمر کو پہنچا ہوا ہو لیکن قرآن کریم پڑھ نہ سکتا ہو یا ترجمہ جاننے کی عمر کو پہنچا ہوا ہو مگر ترجمہ نہ جانتا ہو یا عام روز مرہ زندگی سے تعلق رکھنے والی تفسیر قرآن کا انہیں علم نہ ہو۔“