خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 369 of 836

خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 369

خطبات ناصر جلد پنجم ۳۶۹ خطبه جمعه ۲۳ نومبر ۱۹۷۳ء استقبال کیا۔ہمارے دل بھی اللہ تعالیٰ کی حمد اور خوشی سے معمور ہوئے اور آنے والوں نے اسے خاص طور پر محسوس کیا تھا۔اس لئے میں پھر یاد دہانی کرا دیتا ہوں۔ہمارے چہروں پر ہر وقت مسکراہٹیں کھیلتی رہنی چاہئیں میں نے کئی بار ا حباب کو بتایا ہے کہ ہمارے چہروں پر مسکراہٹوں کی کوئی دنیوی وجہ نہیں ہے اور نہ دنیا ہماری مسکراہٹوں کو چھین سکتی ہے کیونکہ ہماری مسکراہٹوں اور ہماری بشاشت کا منبع اللہ تعالیٰ کی وہ بشارتیں ہیں جو جماعت احمدیہ کی ترقی اور اسلام کے غلبہ کے متعلق حضرت مہدی معہود علیہ السلام کو دی گئی ہیں۔ہماری مسکراہٹوں کا سر چشمہ اللہ تعالیٰ کا وہ پیار ہے جس کا آئے دن ہم میں سے ہر شخص جو روحانیت رکھتا ہے اور اخلاص رکھتا ہے وہ اسے بجاطور پر مشاہدہ کرتا ہے۔پس جس بشاشت اور جس مسرت اور جس مسکراہٹ کا سر چشمہ خدائے واحد ویگانہ کی ذات ہو، دنیا کا کوئی منصوبہ یا دنیا کا کوئی حربہ یا دنیا کی کوئی دشمنی اسے چھین نہیں سکتی اس لئے ہمارے چہروں کی یہ کیفیت تو انشاء اللہ قائم رہے گی۔ہم پہلے بھی مسکراتے تھے لیکن خاص موقعوں پر ہم نے زیادہ بشاشت اور زیادہ مسرت کا اظہار کیا۔جلسہ سالانہ بھی ہماری تاریخ کا ایک اہم موقع ہوتا ہے۔ہر سال جلسہ سالانہ میں مہمانوں کی تعداد کا بڑھنا بتاتا ہے کہ جماعت احمدیہ کو غلبہ اسلام کے جس عظیم مقصد کے لئے کھڑا کیا گیا تھا۔وہ اس مقصد کو اللہ تعالیٰ کی توفیق سے حاصل کرتی چلی جارہی ہے۔اللہ تعالیٰ کی رحمتیں پہلے سے زیادہ اس پر نازل ہو رہی ہیں۔احباب جانتے ہیں اس سال میں نے یہ تحریک کی تھی کہ بیرون پاکستان کی احمدی جماعتوں کے دوست علاوہ انفرادی حیثیت کے نمائندہ حیثیت میں بھی وفود کی شکل میں جلسہ سالانہ میں شامل ہوں۔چنانچہ بیرونِ پاکستان بسنے والے مخلصین احمدیت کا رد عمل بڑا اچھا ہے۔بیرونِ پاکستان سے خطوط آرہے ہیں کہ دوست تیار ہو رہے ہیں وہ جلسہ سالانہ پر آئیں گے۔اب ہمارے نومسلم احمدی دوست جو سوئٹزرلینڈ یا ڈنمارک کے رہنے والے ہیں یا دوسرے یورپین ممالک کے رہنے والے ہیں یا افریقہ کے رہنے والے ہیں وہ جب پہلی بار یہاں آئیں گے تو وہ ان مسکراہٹوں اور بشاشتوں کو پہلی بار دیکھ رہے ہوں گے۔اس لئے احباب جماعت کا یہ فرض ہے وہ ان کی خوشیوں میں اضافہ کریں۔اس کی ایک صورت یہ ہے کہ آپ کے چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ کھیلتی رہے۔