خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 791
خطبات ناصر جلد پنجم ۷۹۱ خطبه جمعه ۱۵ نومبر ۱۹۷۴ء بہت آگے نکل جاتی ہے۔ملک کی اکثریت یا ایک بڑے بھاری حصہ میں جب یہ ذہنیت پیدا ہو جائے تو قوم کی ہلاکت کے سامان تو پیدا ہو سکتے ہیں قوم کی نجات اور اس کی فلاح اور ترقیات کے سامان نہیں پیدا ہو سکتے کیونکہ کوئی قوم دین و دنیا میں ترقی نہیں کر سکتی جب تک دینی معاملات میں خدا تعالیٰ کے پیار کو اور دنیوی معاملات میں خدا تعالیٰ کی مدد کو حاصل نہ کرے، ہماراللہ صرف رحیم نہیں جو مومن کو اُس کے اعمال کا بہترین پھل عطا کرتا ہے۔ہمارا اللہ رب بھی ہے جو مومن و کافر کی بھلائی کے سامان پیدا کرتا ہے۔جو لوگ اُس کو گالیاں دینے والے ہیں انہیں بھی وہ بھوکا نہیں مارتا۔دُنیوی لحاظ سے ان کی ترقیات کے راستہ میں فرشتوں کی فوجیں کبھی حائل نہیں ہوتیں۔ان کو ترقی کی اجازت ہے۔اللہ تعالیٰ کا غضب صرف اس لئے نہیں بھڑکتا کہ ان لوگوں نے اپنے ربّ کو پہچانا نہیں بلکہ جس وقت اس کی مخلوق اور اس کا پیدا کردہ انسان ظلم کی انتہا کو پہنچتا ہے تو اپنے دوسرے بندوں کو ان نا سمجھ انسانوں کے ظلم سے اور اُن کے اعتدا سے بچانے کے لئے اُس کا قہر بھڑ کا کرتا ہے ورنہ اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے۔اسی لئے قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا: - رَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ (الاعراف: ۱۵۷) ویسے قرآنِ کریم نے یہ بھی کہا ہے کہ جن لوگوں کی ساری توجہ اور کوشش اور اعمال دنیا کے لئے ہو گئے خدا نے اُن کو دنیا دے دی کیونکہ دینی عقائد کی رُو سے اعمال صالحہ بجالانے کے بعد اللہ تعالیٰ سے پیار اور اُس سے محبت رکھنے کے اور اس کی راہ میں قربانیاں دینے کے نتائج اور ثواب اگلی دنیا میں ملتے ہیں۔یہاں اس دنیا میں تو اعمال کے نتائج اور ثواب کی ایک چھوٹی سی جھلک ہمیں نظر آتی ہے۔چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ملِكِ يَوْمِ الدِّینِ کی تشریح کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کا تعلق ان اعمال کے ساتھ ہے جو دین کی حالت میں انسان بجالاتا ہے یا جو خدا کی راہ میں اُس کی رضا کو حاصل کرنے کے لئے انسان کچھ پیش کرتا ہے اپنے مال سے، اپنے وقت سے اور اپنے سکھ اور آرام کو چھوڑ دینے سے، جو اس کی جزا انسان کو مرنے کے بعد ملتی ہے، وہ جنت ہے جہاں خدا تعالیٰ کا پیارا ایسے رنگ میں سامنے آجائے گا کہ انسان حقیقی مسرت اور خوشی سے سرشار ہو جائے گا۔ہم سب اللہ تعالیٰ سے اُمید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے فضل سے ہم سب کے لئے حقیقی خوشی کے سامان پیدا کرے گا۔