خطباتِ ناصر (جلد3 ۔ 1970ء، 1971ء) — Page 473
خطبات ناصر جلد سوم ۴۷۳ خطبہ جمعہ ۱۵ جنوری ۱۹۷۱ء جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نہ ہو ، وہ ساری دنیا پر غرور کر کے بھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔پس اے میرے بھائیو اور بہنو! اپنے ان دو امتیازی نشانوں کو قائم رکھو ہمیشہ عبد مسلم بنے رہو۔ہمیشہ اپنے دل اور اپنی روح میں اللہ تعالیٰ کی احتیاج کا احساس زندہ رکھو۔اُسے غنی اور صمد سمجھو اور خود کو بے مایہ اور نیست جانو۔خدا کے بندوں پر احسان کرو۔اگر کبھی تمہارا حق مارا بھی جائے تو اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر اس حق کو برضا ورغبت چھوڑ دو۔اگر کبھی تمہیں دوسرے کی خوشی کے لئے اپنے حقوق چھوڑنے پڑیں تو اسی میں اپنی خوشی اور اسی میں اپنی زندگی سمجھو اور جو حقوق اللہ تعالیٰ نے دوسروں کے قائم کئے ہیں اُن سے زائد دو اُن سے کم نہ دو کیونکہ اس کے بغیر ہم اللہ تعالیٰ کی محبت کو حاصل نہیں کر سکتے اور اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کئے بغیر یہ زندگی اس قابل نہیں کہ آدمی اس سے چمٹا ر ہے۔خدا کرے کہ ہم میں سے ہر ایک عبد مسلم اور عبد حسن بنار ہے اور خدا کرے کہ ہم میں سے ہر ایک اپنے اوپر ایک نیستی اور موت وارد کر کے اللہ تعالیٰ سے ایک نئی زندگی حاصل کرنے والا ہو۔وہ نئی زندگی، جسے اللہ تعالیٰ دیکھے اور خوش ہو اور جس کے نتیجہ میں اس کا وصال اور اس کی رضا ہمیں حاصل ہو۔آمین۔روزنامه الفضل ربوه ۱۶ نومبر ۱۹۷۱ ء صفحه ۳، ۴)