خطباتِ ناصر (جلد3 ۔ 1970ء، 1971ء) — Page 559
خطبات ناصر جلد سوم ۵۵۹ خطبہ جمعہ ۲۴/ دسمبر ۱۹۷۱ء کثرت سے استغفار کرو اس کے بغیر کسی پریشانی اور دُکھ سے نجات نہیں مل سکتی خطبه جمعه فرموده ۲۴ دسمبر ۱۹۷۱ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے یہ سورۃ کریمہ تلاوت فرمائی:۔إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللهِ وَالْفَتْحُ - وَ رَاَيْتَ النَّاسَ يَدْخُلُونَ فِي دِينِ اللَّهِ أَفْوَاجًا - فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا - (النصر : ۲ تا ۴ ) اور پھر فرمایا:۔حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس سورۃ کی تفسیر کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اس میں حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد کی فتوحات کے متعلق بشارتیں دی گئی ہیں کیونکہ اس سورۃ کا نزول فتح مکہ کے بعد ہوا تھا۔روایتوں میں اختلاف ہے تاہم اس سورۃ کے نزول کے بعد آپ ۷۰ یا ۸۰ دن اس دنیا میں زندہ رہے۔اس کے بعد آپ کا وصال ہوا۔اِس سورۃ میں بہت سی باتیں بیان کی گئی ہیں۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ مصیبت کے وقت اور پریشانی کے وقت جو دراصل انسان کے اپنے گناہ اور اپنی کوتاہی اور اپنی بد عملی کے نتیجہ میں پیدا ہوتی ہے، انسان اللہ تعالیٰ سے قوت حاصل کئے بغیر اس پریشانی اور تکلیف اور دُکھ سے نجات نہیں حاصل کر سکتا۔