خطباتِ ناصر (جلد 2۔ 1968ء، 1969ء) — Page 221
خطبات ناصر جلد دوم ۲۲۱ خطبہ جمعہ ۲۶ / جولائی ۱۹۶۸ء آئندہ ہونے والے واقعات اور جس طرف زمانہ کا رُخ ہے اس کے متعلق ہمیں سوچتے رہنا چاہیے خطبہ جمعہ فرموده ۲۶ / جولائی ۱۹۶۸ء بمقام مسجد مبارک۔ربوہ تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔ایک تو میں آج اپنی صحت کے لئے دعا کی تحریک کرنا چاہتا ہوں۔مئی میں مجھے نقرس کا بڑا شدید حملہ ہوا نقرس سے اور پھر جو ادویہ اس بیماری میں استعمال کروائی جاتی ہیں ان کی وجہ سے گردوں پر اثر پڑتا ہے اور ابھی میں پوری طرح صحت مند نہیں ہوا تھا کہ گرمی لگنے ( جسے انگریزی میں ہیٹ سٹروک کہتے ہیں یا اُردو میں لو لگنا بھی کہتے ہیں) کی وجہ سے بڑی شدید تکلیف مجھے اُٹھانی پڑی اور اس کا اثر بھی گردوں پر ہوتا ہے اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ گردوں کے نظام میں خلل واقع ہو گیا اور اس تکلیف سے ابھی تک پوری طرح نجات حاصل نہیں ہوئی۔اس عرصہ میں بیماری کی وجہ سے قریباً ۳۰ پونڈ سے زیادہ وزن میرا کم ہوا یعنی پندرہ سیر جسم بیماری کے اثر کی وجہ سے گھل گیا اور مجھے یہ محسوس ہوتا تھا کہ روزانہ میرا وزن کم ہوتا چلا جارہا ہے چنانچہ میں نے لاہور سے تو لنے والی مشین منگوائی اور روزانہ اپنا وزن لینا شروع کیا کوئی چھ سات دن ہوئے کہ ایک دن ایسا آیا کہ میرا وزن اپنی جگہ ٹھہر گیا گرانہیں اب اپنی جگہ پر ٹھہرا ہوا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ بیماری کافی دور ہو گئی ہے۔