خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء) — Page 309
خطبات ناصر جلد اول خطبہ جمعہ ۱۵ جولائی ۱۹۶۶ء قرآن کریم کو حرز جان بناؤ کہ اس کے بغیر ہم کوئی عزت کوئی بلندی اور کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکتے خطبہ جمعہ فرموده ۱۵ جولائی ۱۹۶۶ء بمقام مسجد نور۔راولپنڈی تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں۔مسلمانوں کہ جب تب ادبار آیا تعلیم قرآں کو بھلایا اس شعر میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے ایک تاریخی حقیقت بیان فرمائی ہے۔جب ہم تاریخ اسلام کی ورق گردانی کرتے ہیں اور مسلم ممالک اور اقوام کے عروج و زوال، ترقی و تنزل اور ان کی تہذیب اور ان کی وحشت کی داستانیں ہمارے سامنے آتی ہیں تو ہم پر یہ بات واضح اور بین ہو جاتی ہے کہ مسلمانوں نے جب بھی عروج و ترقی کی۔تہذیب کی رفعتوں تک پہنچے۔تو یہ ارفع مقام انہیں اتباع قرآن ہی کے نتیجہ میں ملا اور جب کبھی انہوں نے قرآن اور اس کی اعلیٰ وارفع تعلیم کو پس پشت ڈال دیا۔اس سے منہ موڑ لیا۔اس سے بے رخی برقی ،اس سے دُوری اور بے تعلقی اختیار کی اور اسے ناقابل عمل سمجھتے ہوئے مہجور قرار دیا تو وہ قعر مذلت میں جا گرے۔