خطبات مسرور (جلد 9۔ 2011ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 248 of 752

خطبات مسرور (جلد 9۔ 2011ء) — Page 248

خطبات مسرور جلد نهم 248 20 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 20 مئی 2011ء خطبہ جمعہ فرمودہ 20 مئی 2011ء بمطابق 20 ہجرت 1390 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح لندن، (برطانیہ) تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے عاشق صادق، غلام صادق، امام الزمان اور آپ کی پیشگوئیوں کے مطابق آنے والے مسیح و مہدی کو اللہ تعالیٰ نے ایک لمبے اندھیرے زمانے کے بعد بھیج کر ہم پر جو احسان کیا ہے اس پر ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر کریں کم ہے۔اور شکر کا بہترین ذریعہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے اس فرستادہ کے اقوال، ارشادات اور تحریرات کو پڑھ کر غور کریں اور اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف میں جو یہ فرمایا ہے کہ كُونُوا مَعَ الصُّدِقِينَ (التوبة: 119)۔صادقین کے ساتھ ہو جاؤ۔صادقین کی صحبت سے فیض پاؤ۔اس کے سب سے خوبصورت نظارے تو ہمیں اُس وقت ملتے ہیں جب صحابہ رضوان اللہ علیہم نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وجود سے فیض پاتے ہوئے آپ کی مجالس اور صحبت کا بھر پور فائدہ اٹھایا اور ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات پہنچائے۔آپ کی مجالس کے تذکرے سنائے۔آپ کی نصائح ہم تک پہنچائیں ، پھر یہ دوسر از مانہ ہے جس میں آپ کے غلام صادق کا ظہور ہوا۔آپ علیہ السلام نے اسلام کی خوبصورت تعلیم اور قرآنِ کریم کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بے شمار کتب تحریر فرمائیں۔اسلام کی بالا دستی اور برتری دنیا پر ثابت کی۔لیکن آپ کی بہت سی مجالس ایسی بھی ہیں جو صحابہ کے ساتھ لگتی تھیں۔بعض چھوٹی، بعض بڑی اور بعض جلسوں کی تقاریر کی صورت میں ایسی بھی ہیں جو ان کتب میں نہیں ہیں، جن میں آپ کے صحابہ اس صحبت سے فیض پاتے تھے جو اس زمانے کے صادق اور غلام صادق کے وجود سے برکت یافتہ تھی۔ان مجالس کو اُس زمانے میں جماعت کے اخباروں نے محفوظ کیا۔کتنے خوش نصیب تھے وہ لوگ جنہوں نے امام الزمان کی مجالس سے فیض پایا اور صحبت صادقین کے قرآنی حکم پر عمل پیرا ہوئے۔ہم اُس مجلس میں بیٹھنے والوں اور مختلف قسم کے سوال کرنے والوں اور پھر اُن پر حکمت باتوں کو محفوظ کرنے والوں کے بھی شکر گزار ہیں کہ اُن کے ذریعہ سے آج سو سال گزرنے کے بعد بھی ہم ان باتوں کو پڑھ اور سُن سکتے ہیں۔اور ان کو سُن کر ، پڑھ کر چشم تصور میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس غلام صادق کی مجلس میں اپنے آپ کو بیٹھا ہوا محسوس کر سکتے ہیں۔