خطبات مسرور (جلد 8۔ 2010ء) — Page 403
خطبات مسرور جلد ہشتم 403 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 30 جولائی 2010 ہے کہ جنگ مقدس کی تقریب میں ( جنگِ مقدس ایک عظیم مباحثہ کا نام ہے جو مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان امر تسر میں 1893ء میں ہوا تھا جو تقریباً 15 دن تک جاری رہا) اسلام کی نمائندگی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے کی اور بڑے واضح نشانات کے ساتھ اور دلائل کے ساتھ اور براہین کے ساتھ اسلام کی برتری ثابت فرمائی۔بہر حال یہ روحانی خزائن میں کتابی شکل میں موجود ہے۔جب آپ اس مباحثے کے لئے امر تسر میں ٹھہرے ہوئے تھے تو ایک دن مہمانوں کی کثرت کی وجہ سے منتظمین حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے لئے کھانا رکھنا یا پیش کرنا بھول گئے اور رات کا ایک بہت سا حصہ گزر گیا۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بڑے انتظار کے بعد جب کھانے کے بارہ میں پوچھا تو سب جو انتظام کرنے والے تھے ان کے تو ہاتھ پیر پھول گئے کہ کھانار کھا ہوا نہیں ہے اور بازار بھی اب بند ہو چکے ہیں کہ بازار سے ہی کھانا منگوالیا جائے۔بہر حال جب یہ صورتحال حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے علم میں آئی، آپ کو بتایا گیا تو آپ نے فرمایا کہ اس قدر گھبراہٹ اور تکلف کی ضرورت نہیں ہے۔دستر خوان میں دیکھو کچھ بچا ہوا ہو گا۔وہی کافی ہے۔دستر خوان کو دیکھا گیا تو وہاں روٹیوں کے چند ٹکڑے تھے۔آپ نے فرمایا کہ ہمارے لئے یہی کافی ہیں اور آپ نے وہی کھالئے۔تو یہ ہے آنحضرت صلی علیم کے عاشق صادق اور اس زمانے کے امام کا نمونہ۔پس ہم جو اپنے آپ کو آپ کی جماعت میں شامل کرتے ہیں اور شامل ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں ہمیں یہ صبر اور حوصلہ اور شکر گزاری کے جذبات دکھانے کی ضرورت ہے۔ان تین دنوں میں کسی کی مہمان نوازی میں کوئی کمی رہ گئی ہو تو اس سے در گزر کریں۔انتظامیہ کو تو بے شک آپ توجہ دلا دیں لیکن بڑے پیار سے۔کیونکہ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا مہمان کی بے تکلفی بھی ضروری ہے۔اگر بعض کمیوں کی طرف توجہ نہ دلائی جائے تو پتہ نہیں لگتا کہ کس طرح خامیاں پوری ہوں گی۔اللہ تعالیٰ جلسہ کی برکات سے سب کو فیض اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آخر میں میں پھر سکیورٹی کے حوالے سے یاد دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ یہ صرف ڈیوٹی کے کارکنان کا ہی کام نہیں ہے بلکہ یہ ہر شامل ہونے والے احمدی کا کام ہے کہ اپنی اور جلسے میں شامل ہونے والے ہر مہمان کی حفاظت کے لئے اپنے ماحول پر نظر رکھے۔اور کسی بھی قسم کے شک کی صورت میں فوراً انتظامیہ کو اطلاع دے۔اسی طرح جلسے کے ماحول اور صفائی وغیرہ کے لئے یا دوسرے معاملات کے لئے پروگرام میں جو تفصیلی ہدایات دی گئی ہیں ان کو پڑھیں اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں، اور دعاؤں میں اپنا وقت گزاریں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل جلد 17 شماره 34 مورخہ 20 اگست تا 26 اگست 2010 صفحه 5 تا 8)