خطبات مسرور (جلد 7۔ 2009ء) — Page 506
خطبات مسرور جلد ہفتم 506 (44) خطبہ جمعہ فرموده 30 اکتوبر 2009 فرمودہ مورخہ 30 را کتوبر 2009 ء بمطابق 30 را خاء1388 ہجری شمسی به مقام مسجد بیت الفتوح لندن (برطانیہ) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: گزشتہ خطبہ میں اللہ تعالیٰ کی صفت ولی کے حوالے سے بعض آیات کا ذکر کیا تھا۔جن کا بیان اہل لغت نے اپنی لغات میں کیا ہے اور ان کی روشنی میں ایک دو آیات کا مضمون بھی بیان ہوا تھا۔باقی آیات کچھ رہ گئی تھیں ان میں سے بھی ایک آیت آج بیان کروں گا اور اس کے علاوہ جو میں نے اُس دن نہیں پڑھی تھیں ان میں سے بھی ایک آدھ آیت جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنی صفت ولی کا ذکر کیا ہوا ہے بیان کروں گا۔اللہ تعالیٰ کے وَلِی اور مولی ہونے کا ذکر تو کئی جگہ قرآن کریم میں آتا ہے ، تمام آیات تو بیان نہیں کی جاسکتیں جیسا کہ میں نے کہا چند بیان کرتا ہوں اور یہ بیان حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی تفسیر کی روشنی میں ہوگا۔اللہ تعالیٰ نے مومنوں اور غیر مومنوں دونوں کو اپنی اس صفت کے حوالے سے توجہ دلائی ہے۔بلکہ کفار کو تنبیہ بھی کی ہے۔سورۃ رعد میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ لَهُ مُعَقِّبَاتٌ مِّنْ بَيْنِ يَدَيْهِ وَمِنْ خَلْفِهِ يَحْفَظُونَهُ مِنْ أَمْرِ اللَّهِ۔إِنَّ اللَّهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنْفُسِهِمْ وَإِذَا أَرَادَ اللَّهُ بِقَوْمٍ سُوءًا فَلَا مَرَدَّ لَهُ وَمَا لَهُمْ مِّنْ دُونِهِ مِنْ وَّال (الرعد : 12)۔اس آیت کا ترجمہ ہے کہ اس کے لئے اس کے آگے اور پیچھے چلنے والے محافظ مقرر ہیں جو اللہ کے حکم سے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔یقینا اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خودا سے تبدیل نہ کریں جو ان کے نفوس میں ہے۔اور جب اللہ کسی قوم کے بدانجام کا فیصلہ کر لے تو کسی صورت اس کا ٹالنا ممکن نہیں اور اس کے سوا ان کے لئے کوئی کارساز نہیں۔اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے جیسا کہ ہم نے دیکھا چار باتیں بیان فرمائی ہیں۔پہلی بات تو یہ کہ اللہ تعالیٰ نے ہر ایک کی حفاظت اپنے ہاتھ میں لی ہوئی ہے۔دوسری یہ کہ قوموں کی حالت کا فیصلہ اللہ تعالیٰ ان کے عمل کے مطابق کرتا ہے۔تیسرے یہ کہ جب اللہ تعالیٰ کسی کو سزا کا مستوجب قرار دیتا ہے تو اسے ٹالا نہیں جاسکتا اور پھر یہ کہ اللہ تعالی ہی حقیقی ولی اور نگران اور محافظ اور مددگار ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام آیت کے اس حصہ کہ لَهُ مُعَقِّبَاتٌ مِّنْ بَيْنِ يَدَيْهِ وَمِنْ خَلْفِهِ يَحْفَظُونَهُ مِنْ أَمْرِ اللَّهِ کے ذکر میں فرماتے ہیں کہ: