خطبات مسرور (جلد 6۔ 2008ء) — Page 458
خطبات مسرور جلد ششم 458 (45) خطبه جمعه فرموده 7 نومبر 2008 فرمودہ مورخہ 7 نومبر 2008ء بمطابق 7 نبوت 1387 ہجری شمسی بمقام مسجد المہدی۔بریڈ فورڈ۔(برطانیہ) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد یہ آیت تلاوت فرمائی: قُلْ لِعِبَادِيَ الَّذِيْنَ امَنُوْايُقِيمُوا الصَّلوةَ وَيُنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنَهُمْ سِرًّا وَّ عَلَانِيَةً مِّنْ قَبْلِ أَنْ يَّاتِيَ يَوْمٌ لَّا بَيْعٌ فِيْهِ وَلَا خِلَلٌ۔(ابراهيم : 32) الحمد للہ کہ آج بریڈ فورڈ کی جماعت کو بھی یہ مسجد بنانے کی توفیق ملی۔مسجد کے طور پر استعمال ہونے والا ایک سینٹر تو یہاں موجود تھا اور میرے خیال میں اس کے جو ہال تھے ان کی گنجائش کافی حد تک بریڈ فورڈ جماعت کی ضرورت پوری کر رہی تھی ، لیکن اس کو مسجد نہیں کہا جا سکتا تھا۔خاص مسجد کی عمارت جسے انگریزی میں Purpose Built کہتے ہیں اس لحاظ سے یہ جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد ہے جو اس علاقے میں تعمیر ہوئی ہے۔ابھی میں نے دیکھا تو نہیں لیکن تصویریں میں نے دیکھی تھیں، بتانے والے بتاتے ہیں کہ مین (main) سڑک سے بڑا خوبصورت نظارہ اس مسجد کا نظر آتا ہے اور اس کے ٹیرس ( Terrace) پر کھڑے ہو کر سارا شہر بھی نظر آتا ہے اور لگتا ہے کہ تمام شہر اس مسجد کو دیکھتا ہوگا۔اور غیر از جماعت مختلف فرقوں کی دوسری مساجد بھی یہاں ہیں وہ بھی سامنے دور دور نظر آتی ہیں۔لیکن بہر حال اس جگہ پر اللہ تعالیٰ نے یہ جگہ تعمیر کے لئے دی ہے جو شہر کی کافی اونچائی پہ ہے اور یہاں سے سارا شہر بھی نظر آتا ہے اور سارے شہر سے یہ مسجد نظر آتی ہے اور اس لحاظ سے اس مسجد کی ایک نمایاں حیثیت ہو گئی ہے اور یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل ہیں اور آپ لوگوں کو بھی جو بریڈ فورڈ کے رہنے والے ہیں یہ احساس ہو گیا ہوگا کہ جب ارادہ پکا اور مقصم ہو تو اللہ تعالیٰ مددفرماتا ہے۔جب آپ نے فیصلہ کر لیا کہ مسجد بنانی ہے تو اللہ تعالیٰ نے بھی مددفرمائی۔پھر اس علاقہ میں کچھ اور مساجد بھی بن رہی ہیں یا بنی ہیں اور اس جمعہ کے ساتھ میں ان کے بارہ میں بھی مختصر ابتا دوں کہ شیفیلڈ میں بھی ایک مسجد بنی ہے۔ابھی کل انشاء اللہ تعالیٰ اس کا بھی افتتاح ہو گا لیکن چونکہ جمعہ کا موقع نہیں اس لئے اس کے بارہ میں بھی آج ہی بتا رہا ہوں۔اسی طرح دو سینٹرز خریدنے کی بھی آپ کو توفیق ملی۔دنیا کے احمدیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ اس مسجد کے مختصر کوائف بھی ان کو پتہ لگیں۔آپ جو یہاں انگلستان کے رہنے والے ہیں، ان میں سے بھی بہت سوں کو پتہ نہیں ہوگا اس لئے بتا دیتا ہوں۔