خطبات مسرور (جلد 6۔ 2008ء) — Page 394
394 خطبات مسرور جلد ششم خطبہ جمعہ فرمودہ 26 ستمبر 2008 منٹ کا خطبہ سن لینے سے گناہ بخشے جائیں گے۔بلکہ اللہ تعالیٰ کے حضور جو عبادت اور قربانی کی توفیق ملی یا جس کی خواہش تھی لیکن مجبوری کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع ہی اس پر مکمل عمل نہ ہوسکا۔لیکن کیونکہ اب اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ اس کے شکرانے کی عبادت میں شامل ہوتا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والے ہوسکیں ، اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنے والے ہوں کہ اللہ تعالیٰ آئندہ توفیق دے کہ عبادت کا ہر فرض پورا کرنے والے بن سکیں اور نوافل کی توفیق پا سکیں تو تب ہی ہر عید میں شامل ہونے کا فائدہ ہے اور یہی ایک مومن کی شان ہے کہ ایسی عید منانے کی کوشش کرے۔بہر حال اس وقت میں جمعہ کی اہمیت کا ذکر کر رہا تھا۔حدیث میں آتا ہے، حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کے دن نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔( مجمع الزوائد ومنبع الفوائد جلد 2 كتاب الصلاۃ باب في الجمعة وفضلها حدیث نمبر 2999۔دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 2001ء) پھر ایک حدیث میں آتا ہے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جمعہ کے دن فرشتے مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور وہ سب سے پہلے آنے والے کو پہلا لکھتے ہیں اور پہلے آنے والے کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی اونٹ کی قربانی کرے پھر بعد میں آنے والا اس کی طرح ہے جو گائے کی قربانی کرے پھر مینڈھا یعنی دونبہ کی قربانی ، پھر مرغی اور پھر انڈے کی قربانی کرنے والے کی طرح ہے۔پھر جب امام منبر پر آجاتا ہے تو وہ اپنے رجسٹر بند کر لیتے ہیں اور ذکر کو سنا شروع کر دیتے ہیں۔( صحیح بخاری کتاب الجمعۃ باب الاستماع الى الخطبة حدیث نمبر 929) پھر ایک روایت ہے، جس کا کچھ حصہ میں بیان کرتا ہوں۔آنحضرت ﷺ نے فرمایا کیا میں تمہیں دنوں میں سب سے افضل دن کے بارے میں نہ بتاؤں؟ پھر آپ نے فرمایاوہ جمعہ کا دن ہے۔پھر آپ نے فرمایا کہ مہینوں میں سے سب سے افضل مہینے کے بارے میں نہ بتاؤں؟ فرمایاوہ رمضان کا مہینہ ہے۔پھر آپ نے فرمایا راتوں میں سے سب سے افضل رات کے بارے میں نہ بتاؤں؟ فرمایا وہ لیلتہ القدر ہے۔مجمع الزوائد ومنبع الفوائد جلد 2 كتاب الصلاۃ باب فی الجمعة وفضلها حدیث نمبر 3005۔دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 2001ء) پھر ایک روایت میں آتا ہے، حضرت ابولبابہ بن منذر سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کا دن، دنوں کا سردار ہے اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ عظیم ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک یوم الاضحی اور یوم الفطر سے بھی بڑھ کر ہے۔اس دن کی پانچ خصوصیات ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اس دن حضرت آدم کو پیدا کیا۔اس دن اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم کو زمین پر اتارا۔اس دن اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم کو وفات دی۔اور اس دن ایک گھڑی ایسی بھی آتی ہے کہ اس میں بندہ حرام چیز کے علاوہ جو بھی اللہ سے مانگے تو وہ اسے عطا کرتا ہے۔اور اسی دن قیامت