خطبات مسرور (جلد 6۔ 2008ء) — Page 180
180 خطبات مسرور جلد ششم خطبہ جمعہ فرمودہ 2 مئی 2008 عبادتوں کے بھی اعلیٰ معیار قائم کرنے ہیں اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرنی ہے۔اللہ تعالیٰ نے خلافت کے وعدے کو ان لوگوں کے لئے مخصوص فرمایا ہے جو نیک اعمال کے ساتھ عبادت کرنے والے ہوں گے۔پس بہت فکر سے اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کریں۔نائیجیریا کی جماعت تو خلافت کی برکات کا براہ راست مشاہدہ کر چکی ہے۔آپ لوگوں کو تو بہت زیادہ اس انعام کی قدر کرنی چاہئے۔آپ جانتے ہیں کہ جو لوگ یہاں مساجد سمیت خلافت سے علیحدہ ہو گئے تھے آج ان کی کیا حیثیت ہے؟ کچھ بھی نہیں۔لیکن جو لوگ خلافت کے انعام سے چمٹے رہے، جنہوں نے اپنے عہد بیعت کو نبھانے کی کوشش کی، اللہ تعالیٰ نے انہیں بے شمار انعامات سے نوازا۔آج ہر شہر میں آپ جماعت کی ترقی کے نظارے دیکھتے ہیں۔آج آپ کی یہاں ہزاروں میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ خلافت کے ساتھ ہی برکت ہے۔پس ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے رہیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے اور اس انعام سے فیضیاب ہوتے رہیں۔الفضل انٹر نیشنل جلد نمبر 15 شمارہ نمبر 21 مورخہ 23 تا 29 مئی 2008 صفحہ 5 تا 6)