خطبات مسرور (جلد 5۔ 2007ء) — Page 309
خطبات مسرور جلد پنجم 309 خطبہ جمعہ 27 جولائی 2007ء عورتیں اور بچے خاموشی سے بیٹھے رہے۔تو موسم ایک احمدی کے جوش ایمان پر کوئی اثر نہیں ڈالتا، چاہے وہ افریقہ کا رہنے والا ہو یا ایشیا کا رہنے والا ہو یا یورپ کا رہنے والا ہو۔یہاں مجھے کسی نے کہا کہ شاید باہر سے آئے ہوئے لوگ تو آجائیں لیکن یہاں کے پرانے مقامی لوگ موسم کی شدت کی وجہ سے شاید خوفزدہ ہوں اور نہ آئیں۔لیکن اللہ کے فضل سے اس وقت بھی پنڈال (مارکی ) میں کافی لوگ بیٹھے ہیں اور ٹریفک کی وجہ سے باہر پھنسے ہوئے بھی ہیں۔تو اللہ کے فضل سے کافی تعداد میں لوگ آئے ہیں۔اور موسم کی شدتیں ہمارے ایمانوں کی گرمی میں کبھی روک پیدا نہیں کر سکیں اور نہ انشاء اللہ کریں گی۔اس لئے مجھے امید ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ کی یہی مرضی ہے کہ بارش ہوتی رہے اور ہم اس موسم میں جلسہ سنیں تو جلسے کا انتظام درہم برہم نہیں ہو گا اور آپ سب لوگ اس سے مکمل تعاون کریں گے۔اور جیسا کہ میں نے کہا کچھ لوگ آبھی رہے ہیں اور کچھ لوگ راستے میں ہوں گے۔مزید آنے کا پروگرام بھی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ حاضری پر بھی زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔تاہم یہ دعا ضرور مانگنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ اس کے بداثرات سے ہم سب کو بچائے اور یہ بارش اور یہ موسم اللہ تعالیٰ کی ناراضگی لئے ہوئے نہ ہو۔آنحضرت ﷺ انشاء اللہ ایسے موسموں میں جب ہوا اور آندھی اور طوفان اور بارش کی شدت ہوتی تھی تو یہ دعا کیا کرتے تھے کہ اللهُمَّ إِنِّي أَسْتَلُكَ خَيْرَهَا وَخَيْرَ مَا فِيهَا وَخَيْرَمَا أُرْسِلَتْ بِهِ ۖ وَأَعُوْذُبِكَ مِنْ شَرِهَا وَشَرِ مَا فِيهَا وَشَرِمَا أُرْسِلَتْ بِهِ (صحیح مسلم کتاب صلاة الاستقاء باب التعوذ عند رؤية الريح والغيم حدیث نمبر (1969) اے اللہ ! میں اس بارش، ہوا، آندھی، طوفان کی تجھ سے ظاہری اور باطنی خیر و بھلائی چاہتا ہوں اور وہ خیر بھی چاہتا ہوں جس کے ساتھ یہ بھیجی گئی ہے اور میں اس کے ظاہری اور باطنی شر سے اور اس شر سے بھی پناہ مانگتا ہوں جس کے ساتھ یہ بھیجی گئی ہے۔پس اللہ تعالیٰ سے پناہ مانگتے ہوئے ، اس کے سامنے جھکیں رہیں۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر حال میں ہمیں خیر پہنچے اور اللہ تعالیٰ ہر شر سے بچائے۔ان دنوں میں خاص طور پر دعاؤں پر زور دیں، جیسا کہ میں نے کہا برطانیہ بارشوں اور طوفانوں کی زد میں ہے اور دنیا کے دوسرے ممالک بھی۔اس لئے اللہ تعالیٰ نے جو ہمیں ان دنوں میں ایک جگہ جمع ہو کر دعاؤں کا یہ موقع دیا ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔اللہ تعالیٰ کے آگے تو کوئی مشکل نہیں ہے کہ محکمہ موسمیات کی اس پیشگوئی کے باوجود کہ آئندہ دو تین دن میں بارشیں ہوتی رہیں گی، ہمیں ان بارشوں سے محفوظ رکھے اور ہمارا جلسہ بخیر و خوبی اختتام کو پہنچے اور ہم جلسہ کی برکات سمیٹ کر بیٹھیں۔اللہ تعالی ہمیں ہمیشہ اپنے انعاموں کا وارث بنا تار ہے۔