خطبات مسرور (جلد 5۔ 2007ء) — Page iii
ii حضرت خلیفة المسح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 2 نومبر 2007 ء میں ارشاد فرماتے ہیں :۔پس اللہ کا یہ فضل اب اس قدر بڑھ چکا ہے اور لوگوں کو اس کا فہم و ادراک اس قدر ہو چکا ہے کہ اب فتنہ پرداز لاکھ کوشش کریں یہ پودے جو اب تناور درخت بن چکے ہیں وہ اب ان کو ہلا نہیں سکتے۔کوئی طاقت نہیں ہے جو اب ان کو اکھیڑ سکے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی جماعت کا تعلق اپنے رب سے اتنا پختہ ہو چکا ہے کہ اب کوئی طوفان، کوئی آندھی اسے ہلا نہیں سکتی۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے اس پیغام کو کہ قدرت ثانیہ کا دیکھنا بھی تمہارے لئے ضروری ہے اور یہ دائمی ہے اور یہ وعدہ تمہارے لئے ہے اس خوبی سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے پیاروں نے پکڑا ہے کہ بے اختیار اللہ تعالیٰ کی حمد اور شکر سے دل اللہ تعالیٰ کے حضور جھکتے چلے جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس حبل اللہ کے پکڑنے کی برکت سے جماعت کی جڑیں مضبوط سے مضبوط تر کرتا چلا جا رہا ہے۔یہ وہ درخت ہے جو سدا بہار، سرسبز درخت ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیشہ اسے قائم اور سرسبز رکھے۔کبھی ہم میں سے کوئی سوکھے پتے کی طرح اس سے علیحدہ ہو کر گرنے والا نہ ہو اور ہمیشہ ہم وہ فیض پاتے چلے جائیں جن کی اس دو طرفہ تعلق کی وجہ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے خدا تعالیٰ سے خبر پا کر ہمیں خوشخبری عطا فرمائی ہے۔ہمیشہ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ یہ مضبوط تعلق اور اس کا فیض ہمارے ایمان کی مضبوطی اور دعاؤں سے مشروط ہے۔پس اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مزید مضبوط کرتے چلے جائیں۔دعاؤں سے اس شجرہ طیبہ کی آبیاری کرتے چلے جائیں۔اللہ تعالیٰ مجھے بھی اور آپ کو بھی اس کی توفیق عطا فرمائے۔‘“ ( خطبات مسرور جلد پنجم صفحہ 446) اس جلد کی تیاری میں محترم ظہور الہی تو قیر صاحب اور محترم عامر سہیل صاحب نے تعاون کیا ہے۔اللہ تعالیٰ ان واقفین زندگی کو بہترین جزا عطا فرمائے اور ہم سب کو حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پُر حکمت نصائح پر پوری طرح عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین والسلام خاکسار 10-6-2009