خطبات مسرور (جلد 13۔ 2015ء) — Page 730
خطبات مسرور جلد 13 730 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 11 دسمبر 2015ء سکتے ہیں ہر ملک میں اور ہر شہر میں کرنے چاہئیں۔اس وقت دنیا کو اسلام کی حقیقی تصویر دکھانا بہت ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کی قریباً ہر جگہ اس طرف توجہ ہے لیکن حالات کا تقاضا یہ ہے کہ لگا تار اس بارے میں میڈیا کو استعمال کیا جاتا رہے۔ان سے تعلق اور رابطہ رکھا جائے۔ان کے ذریعہ سے عوام الناس کو بتایا جائے۔اللہ کے فضل سے امریکہ میں بھی اس معاملے میں ان کا کافی تعلق اور رابطہ ہے۔باقی ملکوں میں بھی اور یہاں بھی کچھ رابطے ہیں۔جرمنی میں بھی ہیں۔تو ان کو وسیع تر کرتے چلے جانے کی ضرورت ہے۔گزشتہ دنوں یہاں برٹش پارلیمنٹ میں گلاسگو کی ایک ایم پی (MP) نے اسلام کی حقیقت کے بارے میں جماعت احمدیہ کے حوالے سے یہ بتا کر کہا کہ اسلام کی امن اور سلامتی کی تعلیم پر عمل کرنے والے احمدی مسلمان ہیں اور میں گلاسگو میں ان کے ایک پیس سمپوزیم میں شامل ہوئی تھی اور اس نے بڑی تعریف کی۔اس پر وہیں بیٹھی ہوئی وزیر داخلہ، ہوم سیکرٹری نے بھی کہا کہ جو اسلام احمدی پیش کرتے ہیں وہ واقعی اس سے بالکل مختلف ہے جو اسلامی شدت پسند دکھاتے ہیں۔اور حقیقت میں احمدی امن پسند شہری ہیں۔اور حقیقت یہ ہے کہ احمدی کوئی نئی تعلیم پیش نہیں کرتے بلکہ قرآن کریم کی تعلیم پیش کرتے ہیں۔لیکن یہ ایک واقعہ ہو کر اگر خاموشی ہو گئی تو کچھ دیر کے بعد لوگ یہ کہہ کر بھول جائیں گے کہ ہاں جی برٹش پارلیمنٹ میں ایک سوال اٹھا تھا اور مسئلہ ختم ہو گیا۔اس کو تو ہر وقت تازہ رکھنے کی ضرورت ہے کہ اسلام کی تعلیم کیا ہے؟ پریس نے ایک دفعہ خبر دے دی اور ہم خاموش ہو گئے۔لیکن شدت پسندی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے یا نہیں بھی ہوتا تو ان کے حوالے سے اخبار میں شہ سرخیاں دی جاتی ہیں۔پھر اسلام مخالف لوگوں کو اسلام کے خلاف بولنے کا موقع مل جاتا ہے۔گزشتہ دنوں جب میں جاپان میں تھا تو وہاں بھی پڑھے لکھے طبقے کا یہ اظہار تھا۔بلکہ ایک عیسائی پادری نے بھی کہا کہ اسلام کی تعلیم جوتم قرآن کریم کی روشنی میں بتارہے ہو اس کو جانے کی جاپانیوں کو بہت ضرورت ہے بلکہ دنیا کو ضرورت ہے۔اس نے کہا لیکن اس کا فائدہ تبھی ہو گا کہ اب اس بات کو اس فنکشن تک محدود نہ کریں جس میں آپ بول رہے ہیں بلکہ جاپان میں مسلسل کوشش سے یہ تعلیم لوگوں کو بتا ئیں۔پس اب انصاف پسند غیر بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ خاموش نہ بیٹھ جاؤ بلکہ لگا تار دنیا کے سامنے یہ تعلیم پیش کرتے رہو بھی فائدہ ہوگا۔اب یہ جاپان جماعت کا بھی کام ہے کہ جامع منصوبہ بندی کر کے اس بات کو تازہ رکھیں۔اسی طرح یہاں اس ملک یو کے (UK) میں بھی اور دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی اسلام کی