خطبات مسرور (جلد 13۔ 2015ء) — Page 99
خطبات مسرور جلد 13 7 99 99 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 13 فروری 2015ء اللہتعالیٰ خطبہ جمع سیدنا امیرالمومنین حضرت مرزامسرور احمد خلیفہ امس الخامس ایدہ الہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 13 فروری 2015 ء بمطابق 13 تبلیغ 1394 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح، مورڈن تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: قومی نقائص اور وجوہات حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک دفعہ قومی نقائص اور کمزوریوں کے بارے میں ایک خطبہ ارشاد فرمایا تھا جس میں ان کمزوریوں کی وجوہات اور جماعت کو ان سے بچنے کی طرف توجہ دلائی تھی۔اس مضمون کی آج بھی ضرورت ہے اس لئے میں نے اس سے استفادہ کرتے ہوئے آج اس مضمون کو لیا ہے۔نقائص اور کمزوریاں ہمیشہ دو قسم کی ہوتی ہیں۔ایک فردی کمزوریاں اور نقائص اور ایک قومی کمزوریاں اور نقائص۔اسی طرح خوبیاں بھی دو قسم کی ہوتی ہیں۔ایک فردی خوبیاں اور دوسرے قومی خوبیاں۔فردی نقائص وہ ہیں جو افراد میں تو ہوتے ہیں لیکن من حیث القوم، قوم میں نہیں ہوتے۔اسی طرح خوبیاں ہیں۔بعض خوبیاں افراد میں تو ہوتی ہیں لیکن من حیث القوم، قوم میں نہیں ہوتیں۔افراد اپنے علم اور اپنی کوشش سے بعض خوبیاں اپنے اندر پیدا کر لیتے ہیں۔اسی طرح نقائص کی وجوہات اور اسباب ہر شخص کے اپنے حالات اور ماحول کی وجہ سے ہوتے ہیں۔بدی اور نیکی کے بارے میں یہ بات بھی یا درکھنی چاہئے کہ نیکی اور بدی یا نقص اور خوبی اپنے ماحول کے اثرات کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے۔اس کی مثال اسی طرح ہے جیسے کوئی بیج زمین کے بغیر نہیں اُگ سکتا یا آجکل نئے ذریعہ کاشت میں ایک خاص قسم کی مٹی بنائی جاتی ہے جس میں پانی جذب کرنے اور بیج کو پروان چڑھانے کی صلاحیت ہوتی ہے۔