خطبات مسرور (جلد 12۔ 2014ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 458 of 900

خطبات مسرور (جلد 12۔ 2014ء) — Page 458

خطبات مسرور جلد 12 458 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 25 جولائی 2014ء پس اپنی زندگیوں کو پاک کرنے کے لئے ایسی لیلتہ القدر بھی ہمیں تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور وہی حقیقی لیلتہ القدر ہوگی جب ہم اپنی زندگیوں کو پاک کرنے والے ہوں گے۔دوسری بات جیسا کہ میں نے کہا جمعۃ الوداع ہے۔اس کے بارے میں بھی عجیب عجیب تصورات راہ پاچکے ہیں۔یہ ہم پر اللہ تعالیٰ کا فضل اور احسان ہے کہ اس نے ہمیں زمانے کے امام کو مانے کی توفیق دی اور غلط قسم کے خیالات سے ہمیں پاک کیا اور ان خیالات سے ہمیں، ایک احمدی کو پاک ہونا چاہئے ورنہ احمدی ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔بہت سے غیر احمدیوں کا تو یہ خیال ہے کہ رمضان کے آخری جمعہ میں شامل ہو جائیں تو جان بوجھ کر چھوڑی ہوئی نمازیں یا جو بھی نمازیں ہیں ان کی بھی معافی مل جاتی ہے۔سب فرض ادا ہو گیا۔یعنی آج ایک خطبہ سن کر اور دو رکعت نماز پڑھ کے گویا گزشتہ سب برائیوں سے انسان پاک ہو جاتا ہے یا پاک ہو جائیں گے اور اس عرصے میں اللہ تعالیٰ کے ایک انسان پر جتنے فضل اور احسان ہوتے ہیں رمضان کا یہ آخری جمعہ پڑھنے سے اللہ تعالیٰ کے ان فضلوں اور احسانوں کا بدلہ اتر جائے گا۔ان لوگوں کے خیال میں اللہ تعالیٰ کی الوہیت نعوذ باللہ ان کے ان چار سجدوں پر منحصر ہے۔انہوں نے خدا تعالیٰ پر یہ بڑا احسان کیا کہ چار سجدے کر کے اس کی الوہیت کو نعوذ باللہ قائم کر دیا۔پس اس نیت سے جمعہ پڑھنے والوں کو نہ جمعتہ الوداع کوئی فائدہ دیتا ہے نہ رمضان کوئی فائدہ دیتا ہے نہ لیلتہ القدر کا آنا ان کے لئے کوئی فائدہ ہے۔وہ تو دوسروں کے لئے آئے گی۔ہمیشہ یادرکھنا چاہئے کہ خدا تعالیٰ کے احکامات بطور احسان کے ہوتے ہیں۔ان پر عمل کر کے ہمارا ہی فائدہ ہے۔یہ کوئی چھٹی نہیں ہے کہ اس کے نہ کرنے کے لئے حیلے بہانے تلاش کئے جائیں۔حیلے بہانے تو ان چیزوں کے لئے تلاش کئے جاتے ہیں جو بطور سزا یا جرمانے کے ہوں۔کوئی عقلمند انسان اس چیز پر عمل نہ کرنے کے بہانے تلاش نہیں کرتا جو اس کے فائدے کے لئے ہو۔کون ہے جو یہ سوچ رکھتا ہے کہ اس کی اولاد نہ ہو۔اس کی بیماریاں اچھی نہ ہوں۔وہ یا اس کے بچے علم سے محروم رہیں۔اس کے قریبی عزیز اور دوست سکھ اور آرام نہ پائیں۔اس کی اولا دعزت پانے والی نہ ہو۔یہ تو کوئی نہیں چاہتا۔حیلے تو اس کے الٹ باتوں کے لئے تلاش کئے جاتے ہیں۔انسان حیلے یا بہانے مشکلات سے بچنے کے لئے کرتا ہے۔پس خدا تعالیٰ کے احکام سے بچنے کے لئے اگر ہم بہانے تلاش کریں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اس کے احکامات کو ہم قہر ، مصیبت اور دکھ سمجھتے ہیں۔نعوذ باللہ۔جبکہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور اس کی طرف سے آنے والی ہر بات اور اس کی ہدایات ہماری بھلائی اور ہمیں سکھ پہنچانے کے لئے ہیں۔