خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 343
خطبات مسرور جلد 11 343 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 14 جون 2013ء لوگوں سے کرو۔تم جو چاہے احمدیوں سے کرو، تمہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔اور یہی کچھ عملاً ہو بھی رہا ہے کہ حکومت جو قانون کی بالا دستی کا دعویٰ کرتی ہے احمدیوں پر ظلموں پر نہ صرف یہ کہ کچھ نہیں کرتی بلکہ الٹا ظالم کا ساتھ دیتی ہے۔ابھی دو دن پہلے ہی ایک احمدی کو کراچی میں شہید کر دیا گیا۔إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ ایک کو جہلم میں بھی مارنے کی غرض سے حملہ کیا گیا۔وہ شدید زخمی ہوئے ، ہسپتال میں ہیں۔اللہ تعالیٰ اُن کو بھی صحت و سلامتی سے شفا عطا فرمائے۔اور بیچارے جو بعض غیر از جماعت احمدیوں کے دوست ہیں وہ بھی اُس ظلم کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔یہ کراچی میں جو واقعہ ہوا شہادت کا، ان کے ساتھ کار میں بیٹھے ہوئے ان کے دو غیر از جماعت دوست تھے وہ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔اللہ تعالیٰ اُن کو بھی صحت دے۔ہسپتال میں داخل ہیں، ان میں سے ایک کی تو کر میٹیکل (Critical) حالت ہے۔بہر حال اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔پہلے مذہب کے ٹھیکیداروں کا بھی یہی حال تھا، وہ بھی یہی کچھ کہتے رہے ہیں۔لیکن اللہ تعالیٰ یہ اعلان کرتا ہے کہ جو بھی اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کی رضا کا تابع بنادے اور احسان کرنے والا ہو، تو اُس کا اجر اُس کے رب کے پاس ہے۔یہ دوسرے دوست جو زخمی ہوئے ہیں، ایک تو کراچی میں ہوئے ہیں، دوسرے سرائے عالمگیر جہلم کے ہیں۔ان کی حالت اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہتر ہے۔اللہ تعالیٰ ان کو شفا دے۔تو بہر حال یہ جو میں کہہ رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے، جو بھی اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کی رضا کا تابع بنادے اور احسان کرنے والا ہو تو اُس کا اجر اُس کے رب کے پاس ہے۔جنت اور جہنم میں جانے کا سرٹیفکیٹ کسی مذہب یا مذہب کے نام پر خون کرنے والوں نے نہیں دینا، یا کسی دوسرے شخص نے نہیں دینا کسی اسمبلی نے نہیں دینا۔پس اللہ تعالیٰ جو دلوں کا حال جانتا ہے وہ اعلان فرماتا ہے کہ جو نیک عمل کرے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے کرے، زمانہ کے امام کی بیعت میں آئے اور اس لئے آئے کہ اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول کا حکم ہے تو پھر نہ ایسے شخص کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے، نہ غمگین ہونے کی ضرورت ہے۔اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے کے لئے اُس کی تعلیم کے مطابق کیا گیا ہر عمل اُسے خدا تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والا بنائے گا۔پس ہر احمدی جو اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے تابع ہو کر مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت میں آیا ہے وہ یقینا اللہ تعالیٰ کا تابع فرمان ہے۔مسلمان بھی یقینا ہے اور پکا مسلمان ہے اور اللہ تعالیٰ کے پیار کو حاصل کرنے والا بھی ہے۔اُس کے مسلمان ہونے پر کسی اسمبلی یا سیاسی حکومت کی مہر کی ضرورت نہیں ہے۔