خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 283
خطبات مسرور جلد 11 283 20 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 17 مئی 2013ء خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسروراحمد خلیفہ السیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 17 مئی 2013 ء بمطابق 17 ہجرت 1392 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الرحمن۔وینکوور( کینیڈا) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی: إِنَّمَا يَعْمُرُ مَسْجِدَ اللهِ مَنْ آمَنَ بِاللهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَأَقَامَ الصَّلوةَ وَأَنَى الزَّكوةَ وَلَمْ يَخْشَ إِلَّا اللهَ فَعَسَى أُولئِكَ اَنْ يَكُونُوا مِنَ الْمُهْتَدِينَ - (التوبة : 18) اس آیت کا ترجمہ ہے کہ: اللہ کی مساجد تو وہی آباد کرتا ہے جو اللہ پر ایمان لائے اور یوم آخرت پر ایمان لائے اور نماز قائم کرے اور زکوۃ دے اور اللہ کے سوا کسی سے خوف نہ کھائے۔پس قریب ہے کہ یہ لوگ ہدایت یافتہ لوگوں میں شمار کئے جائیں۔آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیڈا کے اس صوبے میں جو برٹش کولمبیا کہلاتا ہے، جماعت احمد یہ کو اپنی مسجد بنانے کی توفیق مل رہی ہے۔گو یہاں آپ میں سے بعض خاندانوں کو آئے چالیس سال سے اوپر شاید پچاس سال بھی ہو گئے ہوں، بہر حال پچیس سال سے تیس سال کے عرصہ سے یہاں رہنے والے تو شاید کافی تعداد میں ہیں، لیکن مسجد بنانے کی توفیق آپ کو اب مل رہی ہے۔گو ایک سینٹر قائم تھا، نمازیں پڑھنے کا ہال اور مشن ہاؤس تھا، اور شاید یہی وجہ ہے کہ با قاعدہ مسجد کی طرف توجہ کم رہی۔گو کچھ حد تک تربیت کے لحاظ سے اور جماعت کے ایک جگہ جمع ہونے کے لحاظ سے ضرورت تو پوری ہوتی رہی لیکن مسجد کی ایک اپنی اہمیت ہے۔مسجد کے مناروں اور گنبد اور عمارت کا ایک الگ اثر افراد جماعت پر بھی اور اردگرد کے ماحول پر بھی اور غیروں پر بھی ہوتا ہے۔اسلام کے تعارف کے نئے نئے راستے کھلتے ہیں تبلیغ کے لئے نئے رابطے پیدا ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے مساجد کی تعمیر کی طرف بہت توجہ دلائی ہے کہ اس طرح جہاں جماعت کی اکائی قائم ہوگی وہاں تبلیغ میں بھی وسعت پیدا ہوگی۔