خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 18
خطبات مسرور جلد 11 18 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 11 جنوری 2013ء میاں لال دین اور میں اور میاں محمد یار اور مراد باغبان ( یعنی مراد نامی باغبان تھے )۔چاروں نے مل کر قادیان جانے کا قصد کیا۔ہم پیدل چل کر رات کو میاں چنوں کے سٹیشن پر پہنچے۔پچھلی رات اُٹھ کر نفل پڑھے۔پھر میاں لال دین نے رات کو خواب سنایا کہ حضرت صاحب فرماتے ہیں کہ گدھے کے لے آنے کا کیا فائدہ ہے۔( رات کو میاں لال دین نے خواب دیکھی کہ حضرت مسیح موعود نے فرمایا کہ گدھے کو لے آنے کا کیا فائدہ ہے) تو انہوں نے اصرار کیا (میاں لال دین صاحب نے اس بات پر پھر یہ اصرار کیا کہ ) بھائی ہم میں سے کون ہے جو منافقانہ ایمان رکھتا ہے۔( یہ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ گدھے کو لے کے آئے ہو، اس کا مطلب ہے کہ یقیناً ہم میں سے کوئی منافقانہ ایمان رکھنے والا ہے۔فرداً فرداً انہوں نے ان چاروں میں سے ہر ایک سے پوچھا۔تو مراد باغبان بولا ( مراد نامی جو باغبان تھا، اُس نے کہا کہ میں تیرے لئے آ رہا ہوں کہ تم اس جگہ ٹھہر نہ جاؤ، ورنہ میں بیعت تو نہیں کروں گا۔چنانچہ ایسا ہی ہوا۔علی ھذا القیاس۔ہم گاڑی پر سوار ہو کر بٹالہ اتر کر میاں لال دین کی رہنمائی سے قادیان پہنچے۔ہم قادیان میں بالا مسجد ٹھیک دوپہر کے وقت داخل ہوئے۔کھانا کھانے کا وقت تھا، کپڑے وغیرہ ہم نے وہیں رکھے۔( غالباً یہ مسجد مبارک کے اوپر کے حصہ کی بات کر رہے ہیں ) کہتے ہیں کپڑے وغیرہ ہم نے وہیں رکھے۔ایک شخص نے آواز دی کہ کھانا تیار ہے۔سب بھائی آجاؤ۔ہم تقریباً اُس وقت دس بارہ آدمی تھے، اکٹھے ہو گئے۔ایک شخص نے اُنہی میں سے ہم سے پوچھا کہ تمہارا گھر کس ضلع میں ہے۔میاں لال دین نے جواب دیا کہ ملتان میں۔اُس نے پھر پوچھا کہ تم کو کس طرح شوق ہوا کہ اس طرف آئے۔میاں لال دین نے مذکورہ تمام خواب سنایا۔اُس نے کہا کہ اب تم حضرت صاحب کو پہچان لو گے۔تو میاں لال دین نے کہا کہ انشاء اللہ ضرور۔چنانچہ نئے آدمی جو آتے جاتے رہے۔وہ آدمی جو بھی ان کا میزبان تھا ان کو آزمانے کے لئے ان سے پوچھتا رہا کہ یہ ہیں مسیح موعود؟ تو میاں لال دین نے کہا کہ یہ نہیں ہیں۔مختلف آدمیوں کے متعلق انہوں نے پوچھا کہ یہ ہیں ؟ انہوں نے کہا نہیں ، یہ نہیں ہیں۔کیونکہ میں نے خواب میں جو دیکھا وہ کچھ اور شخص تھا۔لیکن جب حضرت صاحب نے طاقچی سے جھانک کر مسجد میں دیکھا، (جو تھوڑی سی کھڑکی تھی وہاں سے جھانک کر جب مسجد میں دیکھا ) تو میاں لال دین نے فوراً کہا کہ وہ حضرت صاحب ہیں۔وہی نور مجھے نظر آ گیا ہے جو میں نے خواب میں دیکھا تھا۔اُس آدمی نے کہا ٹھیک ہے، تم ٹھیک کہہ رہے ہو۔(ماخوذ از رجسٹر روایات صحابہ۔غیر مطبوعہ۔جلد نمبر 12 صفحہ 92 تا 95 - از روایات حضرت میاں غلام حسن صاحب بھٹی )