خطبات محمود (جلد 9) — Page 154
154 تجویز کریں۔اگر بچہ جھوٹ بولتا ہے یا چوری کرتا ہے یا کوئی اور بدی اس میں ہے تو اسے سرزنش کریں۔لیکن ایسی سختی بھی نہ ہو کہ بچہ ان سے چھپ کر بدی کرنے لگے۔بعض لوگ اتنی سختی کرتے ہیں کہ بچہ پھر یہ کوشش کرتا ہے کہ میرے عیب کا ماں باپ یا کسی اور کو پتہ نہ لگے۔اس طرح وہ پوشیدہ عیب کرنے کا عادی ہو جاتا ہے۔اور ایسے بچوں کے عیوب کی اصلاح ناممکن ہو جاتی ہے۔اس لئے ہمیشہ اس بات کی بھی نگرانی کرنی چاہیے کہ بچہ چھپ کر عیب نہ کرے۔تا اس کے عیوب کا پتہ لگتا رہے۔اور اس طرح بڑی آسانی سے اس کی اصلاح ہو سکتی ہے۔ہر عیب کس طرح پیدا ہوتا اور اس کس طرح چھڑایا جا سکتا ہے۔یہ ایک بڑا علم ہے۔جسے میں اس وقت چھوڑتا ہوں اس وقت جو میں بیان کرنا چاہتا ہوں یہ ہے کہ اخلاق اور اعمال کی درستی کے لئے نہ تو بچوں پر سخت پابندی کی جائے کہ وہ کسی سے نہ مل سکیں اور نہ ان کو بالکل آزاد رہنے دیا جائے کہ وہ جو چاہیں کرتے پھریں ان کی کوئی نگرانی نہ کی جائے۔دوسرے یہ کہ بچوں سے ناجائز محبت بھی نہ کی جائے۔اس بات کی تفصیل کے بعد اب میں یہ بھی بتلاتا ہوں کہ جہاں اپنے بچوں کی اصلاح کی فکر اور نگہداشت ضروری ہے۔وہاں دوسرے بچوں کے اخلاق و عادات کی نگہداشت بھی ضروری ہے۔پس آپ جب تک دوسروں کے بچوں کے اخلاق کی بھی نگرانی نہیں کریں گے۔اپنے بچوں کی طرف سے مطمئن نہیں ہو سکتے۔عام علاجوں میں سے ایک یہ بھی ہے جو خلیفہ اول بھی فرمایا کرتے تھے کہ بچوں کو بعض مفید فقرے یاد کرا دیے جائیں۔جن میں ان کو بتایا جائے کہ ہم یہ کریں گے۔یہ نہیں کریں گے۔اس کا بھی بہت بڑا اثر ہوتا ہے۔دوسری بات جو رسول کریم ﷺ سے ثابت ہے۔وہ یہ ہے کہ رات کو سونے سے پہلے دعا کی عادت ڈالی جائے کیونکہ ذکر الہی کے بغیر سونا جائز ہی نہیں۔آنحضرت بلا ناغہ آیت الکرسی اور تینوں قل پڑھ کر اپنے بدن پر پھونکا کرتے تھے ، جس بات کو آپ بلا ناغہ کریں وہ سنت کہلاتی ہے۔پس جس طرح نماز کی سنتیں ضروری ہیں اسی طرح یہ سنت بھی ضروری ہے۔اور اگر ان کو ترک کرنے میں گناہ ہے تو پھر اس کے ترک کرنے میں بھی گناہ ہونا چاہیے۔اگر کہا جائے کہ نماز کی سنتوں کے متعلق آنحضرت ﷺ نے خصوصیت سے فرمایا ہے اس لئے وہ ضروری ہیں۔میں کہتا ہوں سونے سے پہلے دعا کے متعلق بھی آپ نے فرمایا ہے اور ثابت ہے کہ بعض آدمیوں کو آپ نے دعا سکھلائی۔آخر کسی خاص اہتمام کے ساتھ نہ نماز کی سنتوں کے متعلق آپ نے عام لیکچر دیا اور تاکید کی اور نہ سونے سے پہلے دعا کے متعلق کوئی ایسی