خطبات محمود (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 107 of 413

خطبات محمود (جلد 9) — Page 107

107 15 ہر مہینہ رمضان اور ہر رات لیلۃ القدر بن سکتی ہے (فرموده ۲۴ اپریل ۱۹۲۵ء) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا : کوئی تعجب نہیں کہ آج کا روزہ آخری روزہ اور رمضان المبارک کا آخری دن ہو۔اور اس لحاظ سے یہ ان خاص برکات کا جو رمضان کے آخری عشرہ کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں آخری دن ہے۔اور ہم میں سے کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کس کے لئے اس سال کا یہ دن نہ صرف آخری دن ہو بلکہ ہمیشہ کے لئے آخری دن ہو۔اور اس کے بعد اس کو زندہ رہنا نصیب نہ ہو۔پس اس کی ہر ساعت کو غنیمت سمجھنا چاہیے اور خدا تعالیٰ کے دروازہ کو کھٹکھٹانے میں کوئی کوتاہی نہ کرنی چاہیے۔دعائیں جیسا کہ میں نے بتایا ہے اور بارہا پہلے بھی بتا چکا ہوں ایک ایسا مفید اور کارآمد ہتھیار ہے جس کے مقابلہ میں اور کوئی ہتھیار اتنا مفید اور کار آمد نہیں ہو سکتا۔لیکن جس طرح ہر ہتھیار ہر ہاتھ میں کارآمد نہیں ہو سکتا۔بلکہ اسی شخص کے لئے کارآمد ہو سکتا ہے جو اس کو چلانا جانتا ہے۔اسی طرح دعائیں بھی اسی شخص کو فائدہ دے سکتی ہیں جو ان کو صحیح طور پر کرنا جانتا ہے۔مثلاً ایک شخص جو بندوق چلانا نہیں جانتا اگر اس کے کندھے پر بندوق رکھدی جائے اور کارتوسوں کی بیٹی اس کی کمر سے باندھ دی جائے تو یہ اس کے لئے سوائے بوجھ کے اور کچھ نہ ہو گا۔کیونکہ بندوق کو چلانا نہ جاننے کی وجہ سے یہ چیزیں اس کو کچھ کام نہیں دے سکتیں۔اگر اس کی بجائے اس کو ایک لاٹھی دیدی جاتی جسے وہ چلانا جانتا ہے تو وہ زیادہ عمدگی اور پھرتی کے ساتھ اس سے کام لیتا۔اسی طرح ایک ایسا شخص جو تلوار چلانا نہ جانتا ہو اگر اس کے ہاتھ میں تلوار دے دی جائے تو وہ اس سے ایک چھڑی سے بھی زیادہ فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔اور ایک بچہ تو اس سے خود اپنا ہاتھ زخمی کرلے گا۔یہی حال دعا کا ہے۔جو لوگ یہ نہیں جانتے کہ دعا کس طرح کی جاتی ہے اور جو