خطبات محمود (جلد 8) — Page 378
378 انسان حاصل کر سکتا ہے۔تو اخلاق فاضلہ صرف خدا تک پہنچانے کا ایک ذریعہ ہیں۔اور ایک بلندی پر پہنچنے کے لئے بمنزلہ سیڑھی ہیں۔پس تم اس بلندی پر پہنچنے کے لئے اور اپنے محبوب کو حاصل کرنے کے لیئے اخلاق فاضلہ اختیار کرو۔تاکہ اس تک تم پہنچ سکو۔میں افسوس سے کہتا ہوں کہ کتنے تم میں سے ایسے ہیں جو اپنی کمزوری کی وجہ سے ذرا سی مشکل کے پیش آنے پر احمدیت سے ہی انکار کر بیٹھتے ہیں۔اور غصے میں کئی ایک ایسے فقرے ان کی زبان سے نکل جاتے ہیں جو نہ صرف خدا کے پہنچنے میں روک کا کام دیتے ہیں بلکہ وہ انسانیت کی حد سے بھی گرے ہوئے ہوتے ہیں۔سو میں تم کو نصیحت کرتا ہوں کہ اگر تم خدا کی صفات کو اپنے اندر جذب کرنا چاہتے ہو تو پہلے اپنے اندر ایک نمایاں تغیر پیدا کرو۔اور اخلاق فاضلہ اختیار کرو۔تاکہ تم آسانی سے اس کی صفات کو اپنے اندر جذب کر سکو۔خدا ہم سب کو اخلاق فاضلہ حاصل کرنے کی توفیق دے۔اور اس زیست کے پانے کی توفیق دے جو ہمیں مرنے کے بعد ملے گی۔اور خدا ہمارے اندر ایسے تغیرات پیدا کر دے کہ ہم اس کی صفات کو آسانی سے اپنے اندر جذب کر سکیں آمین الفضل ۲ مئی ۱۹۲۴ء)