خطبات محمود (جلد 8) — Page 555
555 لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں۔جو ان تمام لذات سے منہ پھیر کر محض خدا تعالیٰ کی رضا کے واسطے اس کی بندگی اور پرستش کے لئے اس کے حضور حاضر ہوتے ہیں۔یہ وہ وقت اور یہ وہ گھڑی ہے کہ لاکھوں گاؤں اور قصبوں کے لوگ ان رخصتوں سے اپنے اپنے رنگ میں جسمانی فوائد اور نفسانی حظ اٹھا رہے ہیں۔کیونکہ گورنمنٹ برطانیہ یا عیسائیوں کے ملکوں اور حکومتوں میں رہنے کے سبب ان ایام سے لطف اور حظ اٹھانے کا موقعہ ان کو حاصل ہوتا ہے۔کوئی اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کے ملنے کے لئے جا رہا ہے۔کوئی اپنی بیوی کے شوق میں اور کوئی اپنے ماں باپ اور بھائی بہنوں کی ملاقات کی غرض سے خوش خوش جا رہا ہے۔غرض اس وقت وہ سب کے سب اپنے اپنے رنگ میں دینی اور دینوی فوائد اور قریب کے نفع حاصل کرنے کی خوشی میں مست اور سرشار ہیں۔لیکن ایسے وقت میں جبکہ لوگ اپنی لذتوں اور اپنی خواہشات کے پورا کرنے میں ہمہ تن مصروف اور مشغول ہیں ایک جماعت ہے۔جو اپنی تمام لذتوں کو ترک کر کے اور اپنی تمام خواہشات کو پامال کر کے گھر سے بے گھر اور وطن سے بے وطن ہو کر سفر کی صعوبت اور اس کچی سڑک کی تکلیف اور موسم کی سردی برداشت کر کے اور اپنے عزیز اموال کو خرچ کر کے اپنی لذتوں اور نفعوں پر لات مار کر محض خدا تعالیٰ کی رضا کے لئے تاکہ اس کی بزرگی اور جلال دنیا میں ظاہر ہو۔اس مقدس مقام قادیان میں حاضر ہوئے ہیں۔پس یہ دن ایک بزرگ دن ہے اور یہ گھڑی ایک مبارک گھڑی ہے اور یہ مقام نہایت مبارک مقام ہے۔اور جمعوں میں سے یہ مبارک جمعہ ہے۔جس میں خدا تعالیٰ کے جلال اور اس کی عظمت کے اظہار کے لئے اور اس لئے کہ اس کے دین کی حفاظت ہو اس مقدس مقام کی طرف اس جماعت نے ایسے وقت میں اور ایسی حالت میں رخ کیا۔جبکہ لوگ بڑے شوق سے اپنی اپنی لذتوں اور اپنی اپنی خواہشوں کے پورا کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔یہ مقام وہ مقام ہے۔جس کو خدا تعالیٰ نے تمام دنیا کے لئے ناف کے طور پر بنایا ہے۔اور اس کو تمام جہان کے لئے ام قرار دیا ہے کہ ہر ایک فیض دنیا کو اسی مقدس مقام سے حاصل ہو سکتا ہے۔اس لئے یہ مقام خاص اہمیت رکھنے والا مقام ہے ہمیں چاہیئے کہ ہم اس مبارک اجتماع اور اس مبارک دن سے جو آنے والے عظیم الشان دنوں کا مقدمہ ہے۔قدر کریں اور پورا فائدہ اٹھائیں۔جب ہم نے ہر ایک لذت اور ہر ایک آرام کو ان ایام کے عظیم الشان نفع کے لئے قربان کر دیا۔تو پھر ہماری تمام تر توجہ اسی امر کی طرف ہونی چاہیئے کہ ان دنوں کے اجتماع سے بڑے سے