خطبات محمود (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 21 of 558

خطبات محمود (جلد 8) — Page 21

<21 اس اہم پیشگوئی کا پورا ہونا ان لوگوں پر بہت اثر کرے گا۔جو بعد میں آئیں گے اور انہیں معلوم ہوگا کہ عورتوں میں بھی مردوں کی طرح بہت اخلاص ہے۔اور ادھر یورپ کو معلوم ہو گا کہ کس قدر مسلمان عورتوں میں اپنے مذہب کی اشاعت کا جوش ہے۔اور اس مسجد کی پیشانی پر جلی حروف میں لکھا جائے گا کہ احمدی خواتین کی طرف سے نو مسلم بھائیوں کے لئے یہ مسجد بنائی گئی اور پھر دوسرے لوگوں کی بھی آنکھیں کھل جائیں گی اور پیغامیوں کو بھی معلوم ہو جائے گا کہ احمدی خواتین ہی اس قدر چندہ دیتی ہیں جس قدر کہ وہ غیر لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلا پھیلا کر جمع کرتے ہیں۔پس ہر جگہ عورتوں کو بتایا جائے کہ وہ اس کام کے لئے چندہ دیں اور تمام اخبارات جو قادیان سے نکلتے ہیں اس کام کے لئے چندہ کے واسطے تحریک کریں۔اور میرا یہ خطبہ شائع کر دیں تاکہ تمام وہ لوگ جو ان اخباروں سے تعلق رکھنے والے ہیں اپنے گھروں میں عورتوں کو بتائیں اور تحریک کریں کہ وہ تین ماہ کے اندر مسجد کے لئے چندہ دیں اور ہر جگہ مرد اپنی عورتوں کو یہ بات سنادیں اور یہاں جن کی عورتیں جمعہ میں نہیں آئیں وہ بھی اپنے گھروں میں اطلاع دیں اور اس کام کے لئے چندہ کے واسطے تحریک کریں۔اور یہ کام میں نے اس انجمن کے سپرد کیا ہے جس کا نام میں نے لجنہ اماء اللہ رکھا ہے۔ہندوستان میں ایک انجمن ہے جو اپنے آپ کو خادمان ہند بتاتے ہیں۔ہم تو کسی خاص قوم کے خادم نہیں۔ہم اللہ کے خادم اور غلام ہیں۔لجنہ اماء اللہ یعنی اللہ کی لونڈیوں کی انجمن۔اس لئے میں نے یہ نام انجمن کا رکھا ہے اور ان کے سپرد یہ کام کیا ہے۔لیکن چونکہ خالی عورتیں اگر تحریک کرتیں تو ان کا اتنا اثر نہ ہوتا اس لئے میں نے ان کی طرف سے یہ تحریک کی ہے۔عورتیں یہ نہ سمجھ لیں کہ چندہ جمع کرنا خاص خاص عورتوں کا ہی کام ہے بلکہ ہر عورت کھڑی ہو جائے۔اور باقی بہنوں سے تین ماہ کے اندر چندہ جمع کرے۔لندن کی مسجد کے لئے زمین تو خریدی جا چکی ہے لیکن چونکہ اس کی عمارت پر ایک لاکھ روپیہ خرچ ہونا تھا۔اس لئے وہ فورا نہ بنائی جاسکی۔لیکن برلن کی مسجد کے لئے ایسا نہ ہوگا بلکہ ارادہ ہے کہ ادھر روپیہ جمع ہو اور ادھر کام جاری کر دیا جائے۔چونکہ ہمیں یقین ہے کہ یہ کام ہو کر رہے گا۔اس لئے جوں ہی روپیہ جمع ہونا شروع ہوگا۔فوراً عمارت کا کام شروع کر دیا جائے گا۔میں اب خطبہ کے ذریعہ تمام احمدی عورتوں کو تحریک کرتا ہوں کہ وہ اس کام کے لئے تین ماہ کے اندر پچاس ہزار روپیہ چندہ جمع کر دیں۔ہاں یہ یاد رہے کہ مردوں کا ایک پیسہ بھی اس کام میں نہیں لیا جائے گا۔اگر کسی مرد کی طرف سے چندہ آگیا تو وہ کسی اور مر کی طرف منتقل کر دیا جائے گا۔اس میں