خطبات محمود (جلد 5) — Page 380
خطبات محمود جلد (5) ۳۷۹ آنحضرت صلعم کے ذریعہ جو ہدایت پھیلی ضرور ہے کہ آنحضرت کو اس کے بدلہ اور ثواب میں بہت سی نیکیاں ملیں اور جو آج آنحضرت کا مظہر ہو گا اس کا جلال بھی بڑا ہوگا۔غرض جس کا سہارا خُدا پر ہو وہ بڑھے گا۔اور جس کا سہارا ان چیزوں پر ہو جو ہلاک ہونے والی ہیں وہ بھی ہلاک ہو جائے گا۔پس ہلاکت سے بچنے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ خُدا پر سہارا ہو جو شخص اللہ کے دین اور اس کے ذکر کو پھیلائے وہ ضرور بڑھے گا۔چونکہ انسان کی خواہش ہے کہ وہ قائم رہے۔اور اس کے نام کو قیام ہو اور یہ اس صورت میں ہو سکتا ہے کہ خدا پر سہارا ہو۔کیونکہ اللہ کی ذات ہی ایک ایسی ذات ہے جس کے لئے ہلاکت نہیں اور جو دوسروں کے سہارے پر قائم نہیں وہ قائم بالذات ہی نہیں بلکہ قیوم بھی ہے کہ جس کے سہارے تمام چیزیں قائم ہیں۔اس لئے اس سے تعلق پیدا کرو۔خدا تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم مادی چیزوں کے سہاروں کو چھوڑ دیں اور صرف خداوند تعالیٰ کی ذات پر ہمارا بھروسہ ہو۔آمین۔الفضل ۱۷ فروری ۱۹۱۷ء)