خطبات محمود (جلد 4) — Page 490
خطبات محمود جلد ۴ ۴۹۰ سال ۱۹۱۵ء روکیں اور اس کے مقابلہ میں ایسے لوگ اٹھ کھڑے ہوتے ہیں جو اسے ترقیوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں اور اپنے تمام زور سے اسے نیچے کھینچتے ہیں تا کہ وہ اپنے مقام سے ہٹ جائے۔آج تک کوئی ترقی کرنے والا ایسا نہیں ہوا جس کا کوئی نہ کوئی حاسد نہ ہو بلکہ جس کسی نے بھی ترقی کی ہے اسی کے حاسد پیدا ہو گئے ہیں۔چنانچہ اسی دعا کی تشریح میں ہی دیکھ لو۔اگلے رکوع میں خدا تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کا واقعہ بیان فرما کر بتا دیا ہے کہ شیطان حسد اور عداوت کی وجہ سے اس کے مقابلہ میں کھڑا ہو گیا تھا۔پس خواہ کسی کی روحانی ترقی ہو یا جسمانی شریر اور نا پاک روحیں اس کے مقابلہ کیلئے ضرور اُٹھ کھڑی ہوتی ہیں جو اس کو اس کے اصلی مقام سے ہٹا کر مغضوب اور گمراہ بنانے کی کوشش کرتی ہیں اس لئے گو دعا کیلئے صرف اِهْدِنَا القِيرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ علیم ہی کافی تھا لیکن مومنوں کی اس طرف توجہ پھیر نے کیلئے کہ تمہارے گمراہ کرنے کیلئے تمہارے دشمن کھڑے ہو جائیں گے ان سے بچتے رہنا خدا نے غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ بھی فرما دیا تا کہ مومن کی ہر وقت اس طرف توجہ رہے۔اور وہ خیال کرے کہ میں اپنے دشمنوں اور حاسدوں سے مامون نہیں ہوں۔یہ جو مجھے نعمت ملی ہے اور مل رہی ہے اس کے ساتھ ہی دشمن بھی کھڑے ہو گئے ہیں ان سے مجھے ہوشیار رہنا چاہیئے۔بہت لوگ ایسے ہوتے ہیں جو نیک کام تو کرتے ہیں اور اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاط الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمُ کی دعا مانگتے ہیں۔لیکن غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ كى طرف توجہ نہیں کرتے۔اور یہ خیال نہیں کرتے کہ اگر ہمیں نعمت ملی ہے تو ساتھ ہی حاسد بھی پیدا ہو گئے ہیں اس لئے وہ بہت دور جا گرتے ہیں کیونکہ جو شخص زیادہ بلندی سے گرتا ہے وہ زیادہ دور ہی گرتا ہے۔ہماری جماعت دنیا میں اس وقت سب سے آخر آنے والی جماعت ہے اس نے بہت تجربے اور مشاہدے کئے ہیں۔اور بہت سی قوموں کے ترقی اور تنزل کے واقعات سنے ہیں اس لئے اس کے فائدہ اٹھانے کا آسان رستہ ہے۔ہماری جماعت کے لوگ جب یہ دعا کریں کہ اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ تو ساتھ ہی غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ کی طرف بھی خیال رکھنا چاہیئے اور سمجھنا چاہئیے کہ کوئی مُنْعَم نہیں ہوا اور کسی نے ترقی نہیں کی کہ شیطان اور شیطان کے چیلے اس کے بگاڑنے اور