خطبات محمود (جلد 3) — Page 23
خطبات محمود ۲۳ پس نکاح کرنے کے لئے حکم دیتا سوائے ایسے شخصوں کے جو کرنا نہ چاہتے ہوں یا کرنا تو چاہتے ہوں مگر کچھ رکاوٹوں کے باعث نہ کر سکتے ہوں یا کسی بیماری کی وجہ سے یا کسی دکھ کی وجہ سے نہ کرتے ہوں ایسوں کو چھوڑ کر باقیوں کو کہنا ایک لغو فعل ہے۔ہاں اگر ضرورت ہے تو اس امر کے بتانے کی کہ نکاح جو کریں تو کیوں کریں اور کس طرح کریں اور اس کے سوا محض نکاح کرنے کے لئے کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں جیسا کہ ضرورت نہیں کہ کسی کو حکم دیں کہ روٹی کھاؤ بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بتایا جائے کہ کیوں کھائیں اور کس طرح کھائیں۔بہت ہیں جو نہیں جانتے کہ کھانا کیوں کھائیں اور نہیں جانتے کہ کس طرح کھائیں وہ کھانے کے متعلق اس قدر سمجھ لیتے ہیں کہ کھانا چاہئے اور اس قدر پیٹ بھر بھر کر کھاتے ہیں کہ ان کے معدے تباہ ہو جاتے ہیں بد ہضمی سے مرتے ہیں یا ایسے مرغن کھانے کھاتے ہیں کہ عیش و عشرت کی زندگی اختیار کر لیتے ہیں جس کا روح پر اثر پڑتا ہے جو اس گند ہو جاتے ہیں فطرت اس بات کی متقاضی ہے کہ کھاؤ۔وہ کھاتے ہیں مگر یہ نہیں جانتے کہ کیوں کھائیں۔پس ان کو کھانے کا حکم دینے کی ضرورت نہیں۔ہاں ضرورت ہے کہ ان کو بتایا جائے کس طرح کھاؤ۔چنانچہ رسول کریم ﷺ نے حکم دیا کہ دائیں ہاتھ سے کھاؤ اور سامنے سے کھاؤ نے یہ طریق بتایا۔اسی طرح نکاح کے لئے بھی ضروری نہیں کہ اس کے متعلق کہا جائے کیونکہ انسان کے تقاضے خود اسے مجبور کرتے ہیں۔ہاں اس کی ضرورت ہے کہ بتایا جائے کہ اس کی ضرورت کیا ہے۔کیوں کریں اور کس طرح کریں۔کیونکہ نکاح کے متعلق بتانے کی یہی باتیں ہیں۔نکاح کیوں کریں؟ فرماتا ہے تقویٰ کے لئے۔لوگوں کی مختلف خواہشات ہوتی ہیں مگر تمہاری غرض تقوی ہونی چاہئے اور کس طرح کا جواب دیا کہ تمام معاملات صدق وسداد کے ساتھ طے کرنے چاہئیں۔پس اسلام نے یہ نہیں کہا کہ نکاح کرو بلکہ یہ بتلایا ہے کہ کیوں کرو۔سو اللہ تعالٰی مسلمانوں کو متوجہ کرتا اور فرماتا ہے کہ تمہارا ہر ایک کام تقویٰ کے ماتحت ہو لوگوں کی مختلف نیات ہوتی ہیں مثلاً ایک شخص سودا لینے کو گھر سے نکلے اور کہے کہ سودا لینے جاتا ہوں۔رستہ میں دوست کا گھر پڑتا ہے اس سے بھی ملتا آؤں گا۔اب دوست کو ملنے کا کام ایک ضمنی کام ہے۔لیکن اگر وہ یہ نیت کرے کہ میں اپنے دوست کو ملنے جاتا ہوں واپسی پر بازار سے سودا بھی لیتا آؤں گا۔یہ نیت کر لینے سے نہ تو اس کو پہلے سے زیادہ چکر کاٹنا پڑے گا نہ نئے راستے تلاش